لاڑکانہ ضلع کے تمام علاقوں میں دو گھنٹے بجلی کی فراہمی اور دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کرنے کا شیڈیول جاری کردیا گیا

بدھ 5 اپریل 2017 23:06

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2017ء) ملک میں جاری طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے بعد سیپکو سرکل لاڑکانہ کے انجنیئر کی جانب سے لاڑکانہ ضلع کے تمام علاقوں میں دو گھنٹے بجلی کی فراہمی اور دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کرنے کا شیڈیول جاری کردیا گیا ہے جبکہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تین فیڈرس کو توڑ پر دو نئے فیڈرس بنانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں سیپکو سرکل لاڑکانہ کے سپریٹیڈنگ انجنیئر عبدالاحد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں بجلی کی فراہمی کم ہوگئی ہے جس کے باعث ہمیں جتنی بجلی مل رہی ہے اتنی ہی بجلی عوام کو فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل مسلسل 8 سے 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی لیکن اب لوڈشیڈنگ میں واضع کمی کرتے ہوئے نیا شیڈیول جاری کیا گیا کہ جس کے مطابق لاڑکانہ کے 31 فیڈرس پر دو گھنٹے بجلی کی فراہمی کی جائے گی جبکہ دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی اور شہر کے تمام علاقوں میں بجلی کی عام تاروں کو اتاکر کیبل سسٹم کا بھی کام شروع کیا گیا ہے تاکہ بجلی چوری میں کمی آسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ لاڑکانہ کے تین فیڈرس جن میں بہارپور، امپائر اور مراد واہن شامل ہیں انہیں توڑ پر دو نئے فیڈرس ریشم گلی اور جیلانی مدرسہ کے نام سے بنائے جارے ہیں تاکہ بجلی ٹرپنگ کا معاملہ حل ہوسکے اور شہریوں کے برقی آلات کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویزن کے پانچوں اضلاع کے ایس ایس پیز اور مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف درخواستیں دے چکے ہیں لیکن ان کی جانب سے مقدمات درج نہیں کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے ڈویزن کے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی کاروائی سے بچنے کے لیے قانونی طور پر میٹر لگوائیں۔ دوسری جانب سیپکو سرکل لاڑکانہ کے سپریٹیڈنگ انجنیئر رئیس عبدالاحد کی جانب سے ٹھل کے میٹر انسپیکٹر غلام یاسین اور میٹر ریڈر احسان کو میٹروں کی ریڈرنگ کے دوران تصاویر نہ نکالنے اور غلط ریڈنگ تحریر کرنے کے الزام میں معطل کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :