صوبہ سندھ میں مختلف شعبوں باالخصوص تھر کول فیلڈ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ

جوق در جوق غیر ملکی سرمایہ کار اور وفود پاکستان باالخصوص سندھ کے د ورے کر رہے ہیں اور صوبہ سندھ میں موجود وسائل سے استفادہ کے لئے کوشاں ہیں

جمعہ 7 اپریل 2017 23:20

صوبہ سندھ میں مختلف شعبوں باالخصوص تھر کول فیلڈ میں سرمایہ کاری کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں مختلف شعبوں باالخصوص تھر کول فیلڈ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں اور اس وقت صوبہ سندھ باالخصوص کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہت بہتر ہے اور اس وقت جوق در جوق غیر ملکی سرمایہ کار اور وفود پاکستان باالخصوص سندھ کے د ورے کر رہے ہیں اور صوبہ سندھ میں موجود وسائل سے استفادہ کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں یو کے پارلیمینٹرین کے 7رکنی وفد سے ملاقات کے موقعہ پر ان سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ وفد کے اراکین میں ایم پی نیگل پائول ہڈلیسٹن، ایم پی مارک جولئین فرانسس پاوسے، ایم پی ڈیوڈ تھامس مورس ، ایم پی ہنری ایڈوڈ ملر سمتھ، ایم پی میتھیو جیمز اوفورڈ، ایم پی رائسٹن میتھیو س سمتھ، ایم پی عطاالرحمان چشتی شامل تھے جبکہ صوبائی وزراء نثار احمد کھوڑو ، جام مہتاب ڈھر ، مرتضی وہاب اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ میں کراچی آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کے باعث امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کو بتایا کہ انہوں نے صوبہ سندھ میں تعلیم کے شعبہ کی ترقی اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور پرائمرے کی سطح سے طلباء کی استعداد کار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی تربیت کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

یوکے پارلیمینٹرین کے وفد کے اراکین نے بھی فرداً فرداً اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور یہاں پر سیاحت کے حوالے سے بھی وسیع مواقعے ہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبہ سندھ میں سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور صوبہ میں نئے ریزارٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ گورکھ ہل ریزارٹ جو کہ 6000فٹ سے زائد بلندی پر واقعہ ہے کو ترقی دے رہی ہے اور آئندہ کچھ عرصے میں گورکھ ہل سیاحت کے حوالے سے ایک بہترین تفریحی گاہ ثابت ہوگا۔

یوکے پارلیامنٹرین کے وفد نے بتایا کہ اس وقت دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ برطانیہ میں بھی دہشت گردی کے واقعہ رونما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے ہم سب کو ملکر نمٹنا ہوگا اور مشترکہ طور پر کوششیں کرنا ہونگی ۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پاکستان بھی دہشت گردی سے متاثر ہے اور ابھی کچھ عرصہ قبل ہی ان کے حلقے سیہون شریف میں دہشت گردی کا ایک بڑا سانحہ رونما ہوا جس کے نتیجے میں متعدد انسانی جانیں ضائیع ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس ناسور کے خاتمے اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے موجودہ حکومت مربوط اور جامع اقدامات کر رہی ہے۔ یو کے پارلیامینٹرین کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ برطانیہ کے سرمایہ کار پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ میں مختلف شعبوں تعلیم، صحت ، انرجی ، سیاحت وغیرہ میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کو سندھ حکومت کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد اور تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یو کے پارلیمینٹرین کے وفد کے اراکین کو سندھ کے روائیتی تحائف اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف بھی پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :