شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں’’جگر کی بیماری میں مبتلا لوگوںمیںبیماری کا تجزیہ کے عنوان‘‘ پر ایم ایس سیمینار

جمعہ 7 اپریل 2017 23:24

سکھر۔ 7اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں شعبہ بائیو کیمسٹری کے زیرِ اہتمام ’’جگر کی بیماری میں مبتلا لوگوں میں بیماری کا تجزیہ ‘‘کے عنوان پرمحقق اظہار علی لاکھو نے اپنا ایم ایس سیمینار پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن خاصخیلی سربراہ شعبہ بائیو کیمسٹری کی رہنمائی اور پروفیسر ڈاکٹر پیر بخش گھمرو کی شریک رہنمائی میں پیش کیا۔

سیمینار کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز نے کی۔ اس موقع پر اپنی تحقیق پیش کرتے ہوئے محقق اظہار علی لاکھو نے کہا کہ جگر کا پھول جانا دنیا میں ایک ابھرتی ہوئی بیماری ہے۔ جگر پھولنے کی دو وجوہات ہیں ۔ الکحل کا استعمال کرنے والوں کا جگر فربہی کا شکار ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

لیکن آج کل ایسے لوگ جو الکحل کا استعمال نہیں کرتے ان کا جگر بھی پھول جاتا ہے جو انسانی صحت کیلئے درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق کیلئے 105مریضوں کا تجزیہ کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن نے کہا کہ جگر کے پھول جانے والی بیماری ابھر رہی ہے اس پر تحقیق وقت کی ضرورت ہے ۔ محقق نے اپنی تحقیق بہتر طریقے سے پیش کی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن خاصخیلی سربراہ شعبہ بائیو کیمسٹری اور پروفیسر ڈاکٹر غلام محی الدین ویسر ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور تحقیق پر روشنی ڈالی۔