کلفٹن کنٹومنٹ بورڈ کے افسر شاہی عوام کے ساتھ بد سلوکی بند کریں،عارف علوی

رہائشی پانی کی بوند بوند کو تر س رہے ہیں، فی ٹینکر 500روپے نیا ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے،علاقہ مکینوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب

جمعہ 7 اپریل 2017 23:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کلفٹن کنٹومنٹ بورڈ کے افسر شاہی عوام کے ساتھ بد سلوکی بند کریں۔ کلفٹن کنٹومنٹ بورڈ کے رہائشی پانی کی بوند بوند کو تر س رہے ہیں۔ فی ٹینکر 500روپے نیا ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے۔ یہ باتیں انہوں نے کلفٹن کنٹومنٹ بورڈ کے آفس واقع ڈیفنس میں علاقہ مکینوں کے ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی ثمر علی خان، خرم شیر زمان ، کراچی ریجن کی نائب صدر سادیہ آغا، کلفٹن کنٹومنٹ بورڈ کے منتخب کونسلرز اور حلقہ این اے 250کے سینکڑوں شہریوں نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ۔ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پانی کے ٹینکر پر اضافی ٹیکس یہاں علاقے کے مکین کسی صورت دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں کو ٹینکر کے ذریعے پانی فراہم کرنا مال بٹورنے اور پیدا گیری کا ایک اہم ذریعہ ہے اس لئے ہم ان کی مخالفت کرتے ہیں تحریک انصاف پر امن سیاسی جماعت ہے اور ہم تمام مسائل کے حل بات چیت کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں لیکن کنٹومنٹ بورڈ کے افسر شاہی کا رویہ انتہائی غیر مناسب ہے ۔

کلفٹن کنٹومنٹ بورڈ کی نا اہل انتظامیہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے۔علاقہ مکین افسر شاہی کے رویے سے تنگ آ چکے ہیں۔ کلفٹن کنٹومنٹ کے رہائشی ٹیکس دینے کے بعد بھی ازیت کا شکار ہیں۔ہم کلفٹن کنٹومنٹ بورڈ کی انتظامیہ کو 1ہفتے کا وقت دیتے ہیں اگرانہوں نے علاقے کی عوام کا دیرینہ مسئلہ حل نہیں کیا تو تحریک انصاف ایک بار پھر بھرپور عوامی احتجاج کرے گی۔ سی بی سی کی انتظامیہ اور افسر شاہی ہماری شرافت کو ہماری کمزوری نہ سمجھیں۔ #

متعلقہ عنوان :