پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی- جنرل کورٹ مارشل نے پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کلبھوشن یادیو کا ٹرائل کیا اور سزا سنائی جس کی توثیق آرمی چیف نے کی۔آئی ایس پی آر کی جاری کردہ پریس ریلزکی تفصیلات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 10 اپریل 2017 17:10

پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10اپریل۔2017ء) پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو یہ سزا پاکستان میں جاسوسی اور تخریب کاری کی کارروائیوں پر سنائی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کلبھوشن یادیو کا ٹرائل کیا اور سزا سنائی۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی مجرم کی سزائے موت کی توثیق کی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کلبھوشن پاکستان میں حسین مبارک پٹیل کے نام سے سرگرم تھا اور اس کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے سیکشن 59 اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن تین کے تحت مقدمہ چلایا گیا اور ان کے خلاف تمام الزامات کو درست پایا گیا۔

(جاری ہے)

فوج کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایک مجسٹریٹ اور عدالت کے سامنے اس بات کا اعتراف کیا کہ انھیں را نے پاکستان میں جاسوسی اور سبوتاڑ کی کارروائیاں کرنے اور اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے کی منصوبہ بندی، رابطہ کاری اور انتظام کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔بیان کے مطابق بلوچستان اور کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی امن عامہ کی صورتحال بہتر بنانے کی کوششوں کو متاثر کرنا بھی ان کی ذمہ داری تھی۔

یاد رہے کہ مارچ 2016 میں کلبھوشن کی گرفتاری کے بعد ان کا ایک ویڈیو بیان میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا تھا جس میں وہ یہ اعتراف کرتے دکھائی دیے کہ وہ انڈین بحریہ کے حاضر سروس افسر ہیں اور وہ انڈیا کی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کر رہے تھے۔چھ منٹ دورانیے کی اس مشتمل ویڈیو میں کلبھوشن یادو نے بتایا تھا کہ انھوں نے 2013 میں را کے لیے کام شروع کیا اور وہ کراچی اور بلوچستان میں را کی جانب سے بہت سی کارروائیاں کرتے رہے ہیں اور وہاں کے حالات کو خراب کرتے رہے۔

انڈیا کی وزراتِ خارجہ نے ایک بیان میں کلبھوشن یادو کے اعترافی بیان کی ویڈیو کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان میں گرفتار کیے گئے شخص کا بھارت کی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ ویڈیو جھوٹ پر مبنی ہے۔ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بھارتی جاسوس کی سزائے موت پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت کا فیصلہ درست ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں بیرونی عناصر ملوث ہیں، لہذا میرا ماننا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے خلاف سنایا جانے والا یہ فیصلہ مثبت ہے۔