میئر اسلام آبادنے کھوکھوں کے مسائل کے حل اور منتخب نمائندوں کا اعزازیہ طے کرنے کیلئی2 مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدیں

پیر 10 اپریل 2017 23:46

میئر اسلام آبادنے کھوکھوں کے مسائل کے حل اور منتخب نمائندوں کا اعزازیہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اپریل2017ء)میئر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کھوکھوں کے مسائل کے حل اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کا اعزازیہ طے کرنے کے لیے دو مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی نظام ایک بالکل ہی نیا سیٹ اپ ہے جس سے چیزوں کوترتیب میں لانے کے لیے وقت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ترقیاتی بجٹ کی منظوری کے بعدتمام انتظامی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ یونین کونسل کی ترقیاتی سکیموں کی تفصیلات جلد از جلد جمع کرائیں تاکہ ترقیاتی بجٹ کی فراہمی کے ساتھ ہی عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

کھوکھوں سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لیے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ایک کمیٹی قائم کی ہے جس کی سربراہی یونین کونسل 41 کے چیئرمین سردار مہتاب احمد کریں گے جبکہ میٹرو پولیٹین کارپویشن کے ممبر ساجد عباسی، یونین کونسل 43 کے چیئرمین رانا محمد اشفاق، یونین کونسل 01 کے چیئرمین شیراز کیانی اور یونین کونسل 35 کے چیئرمین اس کمیٹی کے ممبر ہو ں گے۔

یہ کمیٹی سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے افسران کے ساتھ مل کر کھوکھوں سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل سفارشات پیش کریں گی۔ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے منتخب نمائندوں کے لیے اعزازیہ طے کرنے کے لیے لوکل گورنمنٹ ایکٹ2015 کے سیکشن84 ، چیپٹر09 ، کے تحت تشکیل دی جانے والے کمیٹی کے سربراہ یونین کونسل 11 کے چیئرمین عادل عزیز قاضی جبکہ ممبران میں حاجی گل فراز چیئرمین یونین کونسل 45 ، سید ابرار حسین شاہ ممبریونین کونسل 20 ، ملک محمد ساجدممبر ایم سی آئی یونین کونسل 37 اور خرم بختیار ممبر یونین کونسل 26 شامل ہیں۔ یہ کمیٹی ملک کے دیگر شہروں میں موجود اس طرز کے دیگر اداروں میں دیئے جانے والے اعزازیے کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کریں گے۔