پنجاب یونیورسٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا، رضا گیلانی

پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج میںطبی تعلیم کیساتھ ساتھ ہائی کوالٹی ریسرچ کے بھر پور مواقع دستیاب ہوں گے،وائس چانسلر

منگل 11 اپریل 2017 20:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اپریل2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لائف سائنسز میں ’’یونیورسٹی میڈیکل کالج‘‘ قائم کیا جائے گا۔اس سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے کے قیام کا مقصد گریجویٹ سطح کی میڈیکل تعلیم کے ساتھ ساتھ علاج معالجے کے شعبے میں بہترین تحقیق و جستجو کو فروغ دیناہے۔

یہ بات انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔الرازی ہال میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر جاوید سمیع، فیکلٹی ممبران اور طالبعلموں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے قیام کیلئے وافر فنڈز مہیا کئے جائیں گے تا کہ پنجاب یونیورسٹی کے توسط سے طالبعلموں کو بہترین میڈیکل ایجوکیشن ملے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سمیت سرکاری شعبے کی پانچ جامعات کو اعلیٰ ترین کارکردگی کی حامل یونیورسٹیز کی عالمی فہرست میں شامل کروانا اہم ترجیح ہے۔اس حوالے سے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ روایتی انداز اپنانے کی بجائے ریسرچ کلچر پروان چڑھائیںکیونکہ دینا بھر میں جامعات کی اصل پہچان تحقیق و جستجو ہے۔

ہماری خواہش ہے کہ 135سالہ تاریخ کی حامل جنوبی ایشیا ئ کے اس ممتاز دانش کدہ میں طالبعلموں کی علمی اٹھان بہترین انداز میں ہو۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب یونیورسٹی سمیت ہائر ایجوکیشن کے دیگر اداروں کو بھرپور وسائل مہیا کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ معاشرے کے فکری معمار ہونے کے ناطے طالبعلموں کی کردار سازی پر بھی توجہ دیں، اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی استعداد میں بہتری پر بھی خصوصی فوکس کیا جائے۔

سی پیک نے نئے امکانات ابھارے ہیں، آج دنیا پاکستان کی جانب متوجہ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اپنے وسائل اور پوٹینشل کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کو لیڈ کرئے گا۔قبل ازیں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب یونیورسٹی کو بہترین درس گاہ بنایا جائے گا، جہاں پر میڈیکل ایجوکیشن اور ہائی کوالٹی ریسرچ کے بھر پور مواقع دستیاب ہوں گے۔ایکٹنگ ڈین پروفیسر سید محمد اویس نے میڈیکل کالج پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس کوبریفنگ دی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر رضا گیلانی نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے دفتر کا افتتاح کیا۔