وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر وائس ایڈمرل ریٹائرڈ حشام بن صدیق کی ملاقات

منگل 11 اپریل 2017 23:41

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر وائس ایڈمرل ریٹائرڈ حشام بن صدیق نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے خدمات سرانجام دینا بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ اسلامی ورثہ اور تعاون پر مبنی شراکت داری کی طویل تاریخ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، امید ہے کہ نئے سفیر پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے ہرممکن کوششیں کریں گے۔ اس موقع پر نامزد سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہو گی اور وہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر توجہ مرکوز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رابطوں کے ساتھ ساتھ تجارتی اور کاروباری وفود کے تبادلوں میں بھی سہولت فراہم کی جائے گی جو اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لئے ضروری ہے۔ وزیر خزانہ نے نامزد سفیر کو پاکستانی قیادت کی جانب سے خادمِ حرمین شریفین اور سعودی عرب کے عوام کے لئے نیک خواہشات پیغام بھی دیا۔