آسٹریلیا میں چھوڑے گئے 24 خرگوش پورے براعظم کےلیے سب سے بڑا خطرہ بن گئے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 11 اپریل 2017 23:42

آسٹریلیا  میں چھوڑے گئے 24 خرگوش پورے براعظم کےلیے  سب سے بڑا خطرہ بن ..

خرگوش براعظم آسٹریلیا میں باہر سے درآمد کیا گیا جانور ہے جو150 سالوں سے پورے براعظم کےماحول کو تباہ کر رہا ہے۔خرگوشوں کے غول آسٹریلیا میں فضلوں کو بھی بڑے پیمانے پر خراب کرتے ہیں اور  اس کی وجہ سے براعظم کی مٹی بھی خراب ہو رہی ہے۔آسٹریلیا میں خرگوشوں کی تاریخ زیادہ پرانی نہیں۔ 1859 میں وینچلسی، وکٹوریہ کے ایک کسان  تھامس آسٹن  نے شکار اور تفریح کے لیے 24 خرگوش برطانیہ سے  درآمد کر کے علاقےمیں چھوڑے تھے۔

چند سالوں میں ہی خرگوشوں کی آبادی 24 سے بڑھ کر لاکھوں میں پہنچ گئی۔
1920 کی دہائی میں یعنی 70 سال سے بھی کم عرصے میں آسٹریلیا میں خرگوشوں کی آبادی 10 ارب سے زیادہ ہوگئی تھی۔ یاد رہے کہ خرگوش تیزی سے نسل بڑھانے کےلیے مشہور ہے۔ایک مادہ خرگوش ایک سال میں 18 سے 30 بچے دیتی ہے۔

(جاری ہے)


پہلی دفعہ چھوڑنے جانے کے بعد خرگوشوں نے آسٹریلیا میں پھیلنا شروع کر دیا۔

خرگوش ایک سال میں 80 میل  کے حساب سے آگے بڑھنا شروع ہوئے۔وکٹوریہ کی زرخیز  زمین اجاڑنے کے بعد خرگوشوں نے نیو ساؤتھ ویلز، ساؤتھ آسٹریلیا اور کوئنز لینڈ کی ریاستوں میں دھاوا بولا۔ 1890 تک خرگوش مغربی آسٹریلیا میں دکھائی دینے لگے۔
خرگوش کو آسٹریلیا کا موسم کافی راس آیا تھا۔ شکاری جانوروں کی غیر موجودگی اور  سردیاں معتدل ہونے کی وجہ سے سارے سال ہی اُن کی آبادی میں اضافہ ہوتا رہا۔


اس وقت خرگوش آسٹریلیا میں 25 لاکھ مربع میل کے علاقے میں آباد ہیں۔ اس وقت اُن کی آبادی 20 کروڑ ہے۔
خرگوشوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے آسٹریلیوی حکومت  کو بہت پاپڑ بیلنے پڑے۔ 19 ویں صدی میں تو خرگوشوں کو شکنجے میں پکڑ کر گولی ماری جاتی تھی۔ 1901 اور 1907 کے درمیان  حکومت نے خرگوشوں سے بچاؤ کےلیے 1138 میل ، 100 میل، 724 میل اور 160 میل لمبی باڑیں بھی لگائی مگر وہ کامیاب نہ ہو سکی۔

بہت سے خرگوش باڑ لگانے کے دوران دوسری طرف پہنچ چکے تھےا ور بہت سوں نے زیر زمین سرنگیں بنا لی تھی۔ 1950 میں آسٹریلیوں حکومت نے خرگوشوں سے جان چھڑانے کےلیے myxoma وائرس بردار مکھیوں اور مچھروں کو خرگوشوں کے علاقے میں چھوڑا۔ یہ وائرس جنوبی امریکا میں پایا جاتا ہےاور صرف خرگوشوں کو متاثر کرتا ہے۔ یہ تجربہ کامیاب رہا اور اس سے براعظم آسٹریلیا کے 90 سے 99 فیصد خرگوش ختم ہوگئے۔

بدقسمتی سے کچھ خرگوش ملک کے اندرونی حصوں میں بھی رہتے تھے  وہ اس سے متاثر نہ ہوئے۔کچھ خرگوشوں نے وائرس کے خلاف مدافعت بھی پیدا کر لی تھی، اس لیے وہ بھی اس سے متاثر نہ ہوئے اور اُن کی آبادی میں پھر اضافہ ہونے لگا۔اسی طرح کی ایک مہم 1995 میں شروع کی گئی۔ اس بار  مکھیوں اور مچھروں کے ذریعے  rabbit hemorrhagic disease وائرس کو   پھیلایا گیا۔ اس بار بھی بیماری نے 90 فیصد خرگوشوں کو ختم کر دیا۔
آج کل آسٹریلیا کے کسان خرگوشوں کو اپنی زمینوں سے دور رکھنے کےلیے روایتی طریقے استعمال کرتے ہیں 1920 کے مقابلے میں خرگوشوں کی آبادی اگرچہ آج کچھ بھی نہیں مگر پھر بھی آسٹریلیا کے ماحول کےلیے خطرہ ہے۔