ذہین طلباء اور طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی،عبدالوحید خان

بدھ 12 اپریل 2017 14:13

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2017ء)دی قائداعظم گروپ آف سکولز اینڈ کالجز خیبرپختونخوا کے تمام کیمپسز میں سکالرشپ پر داخلے دینے کے لئے ٹیلنٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ، ٹیلنٹ ٹیسٹ میں کامیاب158 طلبا اور طالبات کو ادارے کی11 کیمپسز میں جماعت ششم سے جماعت نہم تک سکالرشپ پر داخلے دیئے گئے ، ان طلبا اور طالبات کو نہ صرف مفت داخلے دئے گئے بلکہ ہاسٹل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ، دی قائداعظم گروپ آف سکولز اینڈ کالجز خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر ایڈمن عبدالوحید خان نے ادارے کے مختلف کیمپسز میں ٹیلنٹ ٹیسٹ کے مراکز کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کیلئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوںنے کہا کہ ذہین طلباء اور طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی ، ادارے کے حیات آباد کیمپس میں ٹیسٹ کی نگرانی پرنسپل فیاض محمد، مردان کیمپس میں پرنسپل طلامحمد ، صوابی کیمپس میں پرنسپل ضیا الرحمان، چارسدہ کیمپس میں پرنسپل گل شرف ، زیدہ کیمپس میں پرنسپل شاہ فیصل جبکہ نوشہرہ کیمپس میں پرنسپل مسعود شاہ نے کی ، تمام گرلز کیمپسز میں بھی ٹیلنٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس کی نگرانی متعلقہ کیمپسز کی خواتین پرنسپلز نے کی ٹیلنٹ ٹیسٹ میں ہزاروں کی تعداد میں طلباء اور طالبات نے شرکت کی۔