بانی پاکستان قائد اعظمؒ کی پرعزم قیادت میں سیاسی کارکنوں نے یہ ملک آزاد کروایا اس لئے اس ملک کا ہر سیاسی کارکن قابل احترام ہے ،مشتاق احمد منہاس

سرکاری ملازمین کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،آزاد کشمیر کے ترقی کیلئے سرکاری مشینری جس قدر فعال ہوگی لوگوں کو اسی قدر ریلیف ملے گا، وزیر اطلاعات

بدھ 12 اپریل 2017 18:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2017ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی پرعزم قیادت میں سیاسی کارکنوں نے یہ ملک آزاد کروایا اس لیے اس ملک کا ہر سیاسی کارکن قابل احترام ہے ۔ سرکاری ملازمین کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک اجلاس کی صدارت اور سیاسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ اگر سرکاری ملازمین دیانتداری اور خوف خدا کو مدنظر رکھ کے اپنے فرائض سرانجام دیں تو میں پورے یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ انہیں یہ معاشرہ بہت احترام دے گابلکہ میں تو یہ بھی سمجھتا ہوں کہ اگر سرکاری ملازمین دیانتداری اور فرض شناسی کو اپنا ئیں تو جب وہ کہیں سڑک کراس کرنے لگیں گے تو ان کے احترام میں ٹریفک رک سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ہر سرکاری ملازم کو اپنی عزت و احترام کا تعین خود کرنا ہوگا۔ آزاد کشمیر کے ترقی کے لیے سرکاری مشینری جس قدر فعال ہوگی لوگوں کو اسی قدر ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت کا بڑا مقصد معاشرے کی فلاح وبہبود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے میرٹ کا نظام متعارف کروایا ہے جس کا سب سے زیادہ فائدہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو ہوگا۔ وزیر اطلاعات نے سیاسی کارکنوںکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سیاسی کارکن کو انتہائی عزیز سمجھتا ہوں اور میرے نزدیک وہ سیاسی کارکن جو ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لیے جدوجہد کرتا رہتا ہے انتہائی مقدم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی کارکن اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو اگر وہ کسی کا حق مارتا ہے یا زیادتی کرتا ہے تو وہ خود کو بھی اس کے لیے تیار رکھے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست کے تمام شہریوں ، کارکنوں ، علماء دین ، عدلیہ ، افواج پاکستان ، بیوروکریٹ ، اساتذہ اور انتظامیہ کے افراد کو سب سے پہلے اپنے ملک کا مفاد مقدم رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وجہ سے ہی ہم خوشحال ہیں اس لیے ہمیں ہمہ وقت ملک کی خدمت اور ترقی کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر قیادت مسلم لیگ ن کی حکومت آئیندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ عوام دوست اقدامات کرے گی اور وہ بجٹ بہترین ترقیاتی بجٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کے لیے بڑے بڑے تعمیراتی منصوبے بھی شروع کرے گی جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

متعلقہ عنوان :