دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں-کرنل حبیب کونوکری کا جھانسہ دے کر پھنسایا گیا، خدشہ ہے کہ اس میں دشمن ایجنسی ملوث ہے۔کلبھوشن کے معاملے کو اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمزپر اٹھایا جائے گا-پاکستان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 13 اپریل 2017 13:26

دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں-کرنل ..
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13اپریل۔2017ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذ کریا نے کہاہے کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور کلبھوشن یادو اس کا واضح ثبوت ہے۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ناصرف مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے بلکہ پاکستان میں بھی بھارتی مداخلت کے واضح اور ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر را کا کارندہ کلبھوشن یادو ہمارے موقف کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کلبھوشن پاکستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور اسے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جب کہ اس نے خود بھی دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ماضی میں بھی پاکستان میں مداخلت میں ملوث رہا ہے اور مودی نے 1971 میں مشرقی پاکستان کو توڑنے اور مداخلت کا خود اعتراف کیا ہے۔نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت سے عالمی برادری کو بھی آگاہ کیا جاچکا ہے جبکہ اس معاملے کو دوست ممالک سمیت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سامنے بھی اٹھایا گیا۔

بھارتی وزرا کے حالیہ بیانات بوکھلاہٹ میں دیئے گئے یہ کلبھوشن کو انجام تک پہنچانے کا رد عمل ہے لیکن بھارتی رد عمل پر وزیردفاع خواجہ آصف کا بھی بیان آچکا ہےان کے پارلیمنٹ کا بیان بھارت پر پاکستانی مو¿قف واضح ہوا ہے۔کرنل (ر) حبیب ظاہر کی گمشدگی کے حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کلبھوشن کے معاملے کو حبیب ظاہر کے ساتھ جوڑنا بلاجواز ہے کرنل حبیب کلبھوشن کی گرفتاری سے طویل عرصہ قبل ہی ریٹائر ہوچکے تھے انہیں نوکری کا جھانسہ دے کر پھنسایا گیا، خدشہ ہے کہ اس میں دشمن ایجنسی ملوث ہے۔

ہم نیپالی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور نیپالی حکومت بھی بھرپور تعاون کررہی ہے اور اس معاملے میں غیر ملکی ایجنسیوں کے کردار کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے کشمیر کی وادی کو بھی خون سے نہلا دیا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے میں 14 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا گیا جب کہ 200 سے زائد نہتے کشمیری بھارتی مظالم میں زخمی ہوئے اور یہ سلسلہ مزید بڑھتا جارہا ہے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بھی بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور ہم نے بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ آئندہ بھی بھارت کے انسانیت سوز جرائم کو عالمی فورمز پر اٹھاتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :