آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس

بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو سے متعلق شرکا کو بریفنگ،کلبھوشن یادیو کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس کے شرکا کا عزم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 اپریل 2017 15:53

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اپریل 2017ء) : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو سے متعلق شرکا کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں قومی سلامتی اور خطے میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا نے عزم کیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ آرمی چیف کی زیر صدارت اس اجلاس میں ملکی سکیورٹی سمیت ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن رد الفساد اور مردم شماری سے متعلق بھی بات کی گئی۔ اجلاس میں ملک بھر میں مردم شماری اور دیگر معاملات پر پاک فوج کے کردار اور تعاون سے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے آپریشن رد الفساد اور مردم شماری میں سکیورٹی فرائض انجام دینے والے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں پاک فوج کے انڈر آنے والے ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات کی گئی۔