جامعہ کراچی، سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں 1925 طلبہ کو اسناد تفویض کی جائیں گی

جمعرات 13 اپریل 2017 19:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2017ء) جامعہ کراچی کا ستائیسواں جلسہٴ تقسیمِ اسناد 15/ اپریل2017 ء کو جامعہ کراچی کے ولیکا کرکٹ گراونڈ میں منعقد ہورہا ہی- جس کی صدارت گورنر سندھ و چانسلر جامعہ کراچی محمد زبیر کریں گے جبکہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ بطور مہمان خصوصی اور پرو چانسلر جامعہ کراچی و صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہربطور مہمان شریک ہوں گی- جلسہٴ تقسیم اسناد کی کاروائی کا آغازجامعہ کراچی کے ولیکا کرکٹ گراؤنڈ میں شام پانچ بجے سے ہوگا-گورنر سندھ ساڑھے پانچ بجے جلسہ گاہ میں تعلیمی جلوس کے ساتھ داخل ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار کنوینر میڈیا کوآرڈینیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر سیمی نغمانہ نے کانووکیشن کے حوالے سے کلیہ علوم کے کونسل روم میں منعقدہ پریس بریفنگ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کانووکیشن میںکل 1925 طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی جائیں گی جبکہ 168 طلبہ کو اپنے شعبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر طلائی تمغوں سے نوازا جائے گا۔

سابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر سعید سیفی کو ڈی ایس سی کی ڈگری تفویض کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بی اے آنرز کی 252 ،بی ای کی 18 ،بی ایل آئی ایس کی 05 ،بی ایس کی 126 ،بی پی اے کی ایک ،بی کام کی ایک،بی ایس سی ایس کی 07 ،بی بی اے آنرز کی 04 ،بی ایس سی آنرزکی 200 ،ایم اے کی 257 ،ایم بی اے کی 41 ،ایم کام کی 44 ،ایم سی ایس کی 13 ،ایم ایل آئی ایس کی 03 ،ایم پی اے کی 24 ،ایم ایس سی کی 309 ،فارم ڈی کی 71 ،ایم فارم اور ایم ڈی کی ایک ایک ،ایم فل کی 13 اور پی ایچ ڈی کی 68 ڈگریاں طلبہ کو تفویض کی جائیں گی۔

اس موقع پر تمام روئسائے کلیہ جات بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کا جلسہٴ تقسیم اسناد ملک کے وسیع ترین اجتماعات میں سے ایک ہے اور اس سال آٹھ ہزار سے زائد افراد کی شمولیت کا امکان ہے جن میں اساتذہ اور طلبأو طالبات کے علاوہ ان کے والدین، عمائدین شہر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے نمایاں شخصیات شامل ہیں- اس مقصد کے لیے گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے تین ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جب کہ مہمانوں کو جلسہ گاہ تک پہنچانے کے لیے یونی ورسٹی کی دو بس سروسسزمسکن گیٹ اور سلور جوبلی گیٹ سے چلائی جائیں گی۔

جامعہ کراچی کے تمام دروازے مہمانوں کی آمدورفت کے لیے کھلے رہیں گے جبکہ جلسہ گاہ میں ہنگامی طبی امداد کا مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز اور ایمبولنس بھی موجود ہوں گی۔اس سال کا کنووکیشن اس لحاظ سے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ صوبہٴ سندھ کے نئے گورنر جو سندھ کی تمام سرکاری جامعات کے چانسلر بھی ہیں عزت مآب جناب محمد زبیر اس کنووکیشن میں نہ کہ صرف شریک ہوں گے بلکہ تعلیمی جلوس کا حصّہ بھی بنیں گے اور کنووکیشن کے اختتام پر تعلیمی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ سے رخصت ہوں گی- واضح رہے کہ سندھ کے نئے گورنر خود جامعہ کراچی کے سند یافتہ ہیں-اس موقع پر یہ حقیقت بھی دلچسپی کا باعث ہو گی کہ صدرِ پاکستان نے بھی جامعہ کراچی سے ہی سند حاصل کی ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :