فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں کاشتکاروں سے 1300 روپے 40 کلوگرام پر گندم خریدی جائے گی ،صوبائی وزیر خوراک

جمعرات 13 اپریل 2017 23:12

فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں کاشتکاروں سے 1300 روپے 40 کلوگرام پر گندم ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں کاشتکاروں سے 1300 روپے 40 کلوگرام پر گندم خریدی جائے گی اور 9 روپے فی بوری ڈلیوری چارجز ادا کئے جائیں گے ۔گندم کی خریداری مہم کو شفاف اور منظم رکھنے کیلئے تمام تر انتظامی مشینری متحرک رہے گی اس سلسلے میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

حکومت پنجاب صوبہ میں ٹارگٹ کے مطابق40 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کیلئے پرعزم ہے اور اس مہم کے ثمرات کاشتکاروں تک پہنچائے جائیں گے تاہم حکومت کی بدنامی کا باعث بننے والے بدعنوان سٹاف کو نہیں چھوڑیں گے ، یہ بات صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سیکرٹری فوڈ پنجاب شوکت علی،ڈائریکٹر فوڈ آصف بلال لودھی،ڈپٹی کمشنرز سلمان غنی(فیصل آباد)،مدثر ریاض ملک(جھنگ)،معظم اقبال سپرا(ٹوبہ ٹیک سنگھ)،ایوب خاں(چنیوٹ)،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن خادم حسین جیلانی،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ محمد جاوید،ڈی ایف سی سفیان آصف اعوان،اسسٹنٹ کمشنر (جنرل)مہر شفقت اللہ مشتاق کے علاوہ کاشتکاروں کے نمائندے میاں ریحان الحق و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران حکومت پنجاب کی پالیسی اور گائیڈلائن پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی جگہ بے قاعدگی کا احتمال نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ مڈل مین اور آڑھتیوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے اور حقیقی کاشتکاروں کو باردانہ کے حصول و گندم کی فروخت کے سلسلے میں کسی قسم کی دقت پیش نہیں آنی چاہیئے۔

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ کے کسانوں سے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کیلئے 130 . ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جبکہ پہلے 15 دنوں میں 60 فیصد بار دانہ گندم کے کاشتکاروں میں تقسیم کردیا جائے گا جس سے خریداری کا عزم بالکل واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری پالیسی سے آگاہ کرنے کیلئے فیلڈ میں جاکر کاشتکاروں سے براہ راست میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز کی طرف سے گندم خریداری مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کے علاوہ صوبائی وزراء،مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران کو بھی ڈیوٹیز سونپ دی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی گندم خریداری مہم کی مکمل مانیٹرنگ کریں گے اور مہم کے اختتام تک تمام تر انتظامات کو فعال رکھا جائے گا تاکہ گندم خریداری مہم بے ضابطگیوں اور شکایات سے پاک ہو۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو گرداوری فہرستوں کی مکمل سکروٹنی کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مہم کو شکایت فری بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شکایت سے پاک سنٹرز کے انچارجز کی حوصلہ افزائی اور ذمہ داریوں کا ادراک نہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔انہوں نے اجلاس میں موجود کاشتکاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی خریداری پالیسی کاشتکاروں کی مشاورت اور تجاویز سے تیار کی گئی ہے تاکہ یہ تمام عمل مزید آسان اور باسہولت ہو۔انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران سے کہا کہ وہ کاشتکاروں کی سہولت کو مقدم رکھیں اور خریداری پالیسی پر من وعن عمل کرتے ہوئے باردانہ کی منصفانہ اور شفاف تقسم کو یقینی بنائیں۔

ڈائریکٹر فوڈ نے اجلاس کے دوران گندم خریداری پالیسی کے نمایاں پہلوئوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سنٹرز پر آنے والے کسانوں کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بھی تیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خریداری مراکز پر 10 فیصد نمی کی حامل گندم قابل قبول ہوگی اور کاشتکاروں کی شکایات کا موقع پر ہی فوری ازالہ کرنے کیلئے کمیٹیز کے قیام کے علاوہ بینرز پر ٹال فری نمبر اور منسٹر،سیکرٹری اور ڈائریکٹر فوڈ کے نمبرز بھی درج ہونگے۔

ڈائریکٹر نے بتایا کہ سنٹرز پر کاشتکاروں کی سہولیات کیلئے سایہ اور بیٹھنے کے انتظامات کے علاوہ پینے کا ٹھنڈا پانی اور پنکھوں کا بھی بندوبست ہوگا۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ڈویژنل کمشنر کی نمائندگی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی خریداری مہم کو احسن طریقے سے مکمل کریں گے اور کاشتکاروں سے بھی قریبی رابطہ رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں 5 لاکھ 4 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر ہے۔اجلاس کے دوران کاشتکاروں کے نمائندوں نے حکومت پنجاب کی گندم خریداری پالیسی اور صوبائی وزیر خوراک کی رابطہ مہم کو سراہا اور بعض آمدہ مسائل سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :