ملک میں جمہوریت اور مسائل کے حل کے لئے نواز شریف کی قیادت میں اپنا سفر جاری رکھیں گے، خواجہ سعد رفیق

جمعہ 14 اپریل 2017 23:38

ملک میں جمہوریت اور مسائل کے حل کے لئے نواز شریف کی قیادت میں اپنا سفر ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کو کبھی کام نہیں کرنے دیا گیا ، بار بار آئین اور جمہوریت کو پٹری سے اتارا گیا ،مخالفین جو بھی حربہ اختیار کریں ملک میں جمہوریت اور مسائل کے حل کے لئے میاں نواز شریف کی قیادت میں اپنا سفر جاری رکھیں گے ۔پاکستان کے لوگ جمہوریت سے محبت کرتے ہیں ۔

ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اس ملک میں سیاسی جدوجہد کی اور 40سال سے یہ سیاسی سفر جاری ہے ۔جب ہمیں اقتدار ملا تو ملک میں مسائل کے انبار تھے ،آج حالات پہلے سے بہت مختلف ہیں اور مایوسی کی کوئی بات نہیں، آنے والا وقت پاکستان کے لئے ترقی اور خوشحالی کا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گذشتہ شب مرکزی انجمن تاجران راجہ بازار کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں مرکزی انجمن تاجران راجہ بازار کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ ، جنرل سیکرٹری ندیم شیخ اور دیگر عہدیدران نے حلف اٹھایا ۔تقریب سے تاجر رہنماوں ملک شاہد غفور پراچہ ،ندیم شیخ ، اجمل بلوچ ، ذولفقار کہوٹ ،نیعم میر و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سابق ایم این اے محمد حنیف عباسی ،میئر سردار نسیم ، ممبران صوبائی اسمبلی راجہ حنیف ایڈوکیٹ ، ملک افتخار ، تحسین فواد ،لیگی رہنماوں ملک شکیل اعوان ، ضیاء اللہ شاہ ، حاجی پرویز خان ،راولپنڈی کی تاجر تنظیموں کے عہدیدران سمیت تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حلف برداری کی تقریب بڑے اجتماع کی صورت اختیار کر گئی ۔

وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجہ بازار کے نومنتخب عہدیدران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آج کی تقریب میں شرکت پر دلی خوشی ہو رہی ہے ۔ریلوے کو ٹھیک کرنا مشکل کام تھا لیکن اس کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ۔تبدیلی کے جھوٹے نعرے لگانے والے یہ سمجھتے ہیں کہ صرف وہی عقل مند ہیں ، ہم پر تنقید ضرور کریں لیکن جھوٹے الزامات کی سیاست بند کی جائے ۔

ہم پر تنقید کرنے والے 4 سال میں کرپشن کا کوئی میگا سکینڈل بتائیں ۔لوڈ شیڈنگ سمیت تمام مسائل کے حل کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ہے اور اس کے بہتر نتائج ملیں گے ۔جلن اور حسد کے مارے ہوئے کئی لوگ ٹی وی پر لمبی لمبی چھوڑتے ہیں اور جھوٹی پیشن گوئیاں کرتے ہیں ،ایسے لوگوں کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم بھی نہیں آتی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ملک شاہد غفور پراچہ ،جنرل سیکرٹری ندیم شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجروں نے آج جس مثالی محبت کا اظہار کیا ہے اس پر انکے شکرگزار ہیں ۔ جنوری میں ہونے والے الیکشن میں تاجروں نے جیسے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا تھا آج اس اعتماد کا اعادہ ہو گیا ہے اور تاجروں کی ریکارڈ تعداد میں شرکت ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔