وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر کی ٹیلی فون پر بات چیت

دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 14 اپریل 2017 23:44

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر کی ٹیلی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ میک ماسٹر نے دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے وزیر خزانہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ وزیر خزانہ نے انہیں امریکہ کی قومی سلامتی کا مشیر مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مزید اضافے کیلئے ان کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں بہتر سیکورٹی حالات اور معاشی ترقی کی بدولت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کا بہترین موقع ملا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے اور وزیر اعظم محمد نوازشریف کی حکومت خطے اور اس سے آگے امن و استحکام کیلئے دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن ضرب عضب کی زبردست کامیابی اور جاری آپریشن ردالفساد کے حوصلہ افزاء نتائج کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہماری کمٹمنٹ کا مظہر ہے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ امن و سلامتی کے مشترکہ مقاصد کے حصول، سلامتی اور لوگوں کی اقتصادی خوشحالی کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے حالات بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج اور شہریوں کی قربانیاں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معاشی سطح پر بھی شاندار ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی زبردست اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے سیکورٹی اہمیت کی حامل ہے اور امریکی انتظامیہ اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ماہ کے آخر میں وزیر خزانہ کے دورہ واشنگٹن کے دوران ان سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔

متعلقہ عنوان :