راجہ فاروق حیدر اور اسحاق ڈار کی ملاقات،آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی ،مالیاتی امور ،آئندہ بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال

محمد نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں آزاد خطہ میں مالیاتی ، انتظامی نظم و ضبط قائم کرتے ہوئے پائیدار ترقی ،خوشحالی اور عوامی فلاح وبہبود کے دیر پا منصوبوں کے اجراء کیلئے عملی اقدمات اٹھائے جا رہے ہیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر آزاد حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے ، وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے بجٹ سمیت تمام مالیاتی ضروریات پوری کریگی ، وفاقی وزیر خزانہ

ہفتہ 15 اپریل 2017 17:19

راجہ فاروق حیدر اور اسحاق ڈار کی ملاقات،آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے درمیان ملاقات،آزاد کشمیر کے اندر تعمیر و ترقی ،مالیاتی امور اورآئندہ بجٹ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ قائد مسلم لیگ ن ووزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں آزاد خطہ کے اندر مالیاتی ، انتظامی نظم و ضبط قائم کرتے ہوئے پائیدار ترقی ،خوشحالی اور عوامی فلاح وبہبود کے دیر پا منصوبوں کے اجراء کیلئے عملی اقدمات اٹھائے جا رہے ہیں ،پاکستان کے اندر گزشتہ چار سالوں میں جس برق رفتاری سے معاشی ترقی ،کرپشن کے خاتمے ، توانائی بحران سے نجات دلانے ،ملکی ترقی کی شرح نمو میں بڑھوتری کے ساتھ ساتھ ملک کے طول و عرض میں بنیادی انفراسٹریکچر کی بحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے میگاپراجیکٹس کی تکمیل ہوئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی اور اس کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کی عوامی حکومت اور قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف اور ان کی پوری ٹیم کو جاتا ہے ،اسی شاندار کارکردگی اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو عوام نے بھاری مینڈیٹ دیا ،آزاد کشمیر کے بگڑے نظام کو درست کرنے کیلئے تلخ فیصلے کیے آئندہ بھی عوامی مفاد ہر صورت مقدم رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

حکومت آزاد کشمیر میاں محمد نواز شریف کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ریاست کے اندر پائیدار ترقی ،انتظامی امور میں بہتری کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزاد ی کشمیر کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی ،میاں محمد نواز شریف جس انداز سے آزاد کشمیر کے دیر پا آئینی ،انتظامی ، مالیاتی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدمات اٹھار ہے ہیں اس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی ، اس موقع پر گفتگو کرتے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت نے مختصر عرصے میں مالیاتی نظم و ضبط قائم کرنے ،میرٹ کی بحالی ،کفایت شعاری اپنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں ،آزاد حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے ، وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے بجٹ سمیت تمام مالیاتی ضروریات پوری کریگی ۔

حکومتی کارکردگی اطمینان بخش ہے ،مسلم لیگ ن کا یہ خاصہ رہا ہے کہ اس نے ہمیشہ عوامی فلاح بہبود کیلئے عملی اقدمات اٹھائے ہیں، آزاد کشمیر کی حکومت کے دیرینہ کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدمات اٹھارہے ہیں ، پاکستان کے اندر مسلم لیگ ن کے تعمیر ترقی ، عوامی خوشحالی کے تمام بڑے منصوبہ جات میں آزاد کشمیر بھی شامل ہے ۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی فورسز کی جانب سے پر امن نہتے شہریوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔