کشمیربارے بھارتی میڈیا کا متعصبانہ کردار قابلمذمت،انتخابی ڈرامے کی ناکامی آزادی کے حق میں ریفرنڈم ہے ،شبیر احمد شاہ

ہفتہ 15 اپریل 2017 18:09

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2017ء) ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کشمیر کے حوالے سے بھارتی میڈیا کے متعصبانہ اور جانبدارانہ کردارکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ لوگ اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ کر صرف وہی کچھ دیکھتے ہیںجو ان کے خیالات کی عکاسی کرتا ہو۔انھوں نے انتخابی ڈرامے کو ناکام بنانے پر آزادی پسند رہنمائوں،نوجوانوں،دانشوروں اور ائمہ مساجد کے کردار کی تعریف کی اوراسے آزادی کے حق میں ریفرنڈم قرار دیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی میڈیا نے قابض فوجیوں کی طرف سے ایک نو جوان کو انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کرنے کے حوالے سے خاموشی اختیار کرلی لیکن کشمیری نوجوان کی طرف سے ہوا میں صرف مکہ لہرانے پر آسمان سر پر اٹھالیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ایک کنکر مارنے پر نوجوان کے سر کو نشانہ بناکر گولی ماردی اس کے باوجود بھارتی فوجیوں کی ملامت نہیں گئی۔

جنونی صحافیوں اور ٹی وی اینکروں نے بھارتی فوجیوں سے 9اپریل کو 8نوجوانوں کو قتل کرنے پر بھی جواب طلبی نہیں کی۔شبیر احمد شاہ نے عالمی رہنمائوں اور ذرائع ابلاع کو اس طرح کے واقعات کا سنجیدہ نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموںو کشمیر میں دس لاکھ بھارتی فوجی ہر اس شخص کو قتل کرنے پرتلے ہوئے ہیں جو بھارتی جارحیت اور جبر کے خلاف آوازبلند کرے ۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کے بعد بھارت کو یہ حقیقت تسلیم کرلینی چاہئے کہ ان کا مکروفریب اب کامیاب نہیں ہوگا ۔شبیر احمد شاہ نے ڈگر ی کا لج پلوامہ میں طلبا ء پربھارتی فورسزکے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ قابض انتظامیہ نے بھارتی فورسز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور وہ کہیں بھی کچھ بھی کر سکتی ہیں ۔انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے طلباء کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال اور درجنوں طلبا ء کو زخمی کرنے پرتشویش کا اظہارکیا۔ حریت رہنما نے کہا طلبا ء ہمارا سرمایہ ہیں اور کشمیری عوام بھارتی فورسز کی ان کاروائیوں کو برادشت نہیں کر یں گے۔

متعلقہ عنوان :