شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں پی ایچ ڈی اور ایم فل کے دو سیمینار

ہفتہ 15 اپریل 2017 22:45

سکھر۔ 15اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کے زیرِ اہتمام پی ایچ ڈی اور ایم فل کے دو سیمینار پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کی صدارت میں منعقد ہوئے۔شعبہ نباتات میں محقق غلام سرور چنہ نے اپنی پی ایچ ڈی کا پہلا سیمینار خوشبودار اور غیر خوشبودار چاولوں کی فصل پر مٹی کے اثرات کیعنوان پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق مہر کی رہنمائی اور پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر کی شریک رہنمائی میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ چاول کی فصل پاکستان میں پیداواری لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔

یہ ملک کے تقریباً 10فیصد زرعی زمین پر کاشت کیا جاتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ تحقیق کے دوران 9خوشبودار اور 18غیر خوشبودار چاولوں کی اقسام کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ایم فل کا سیمینارمحقق علی خان ڈہر نے انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں ضلع خیرپور میں برائیلر اور دیسی مرغیوں کی غذائوں میں دھات کا تجزیہ کے عنوان پر پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جکھرانی کی رہنمائی میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ برائیلر اور دیسی مرغیوں کی غذائوں میں دھات موجود ہوتی ہے۔

ان دھاتوں کی وجہ سے انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن نے کہا کہ دونوں موضوعات عوامی دلچسپی کے موضوع ہیں۔ دونوں محققین نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحقیقی اصولوں کے تحت تحقیق کا کام سرانجام دیا ہے۔