راولپنڈی میں پولیو مہم کا آغاز ہو گیا

پیر 17 اپریل 2017 20:26

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2017ء) بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیئے ضلع راولپنڈی میں پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے‘جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 70 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے لیئے حفاظتی پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر عبدالجبار نے پولیو مہم کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ 17 اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع راولپنڈی میں 448 ایریا انچارج کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ 209 یو سی میڈیکل آفیسرز مختلف یونین کونسلوں میں پولیو مہم کی نگرانی کے لیئے مقرر کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ 2189 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن کے اراکین نے گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالجبار نے انسداد پولیومہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موبائل ٹیموں کے علاوہ راولپنڈی کے مختلف مقامات پر 124 خصوصی ٹرانزٹ کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے ہوائی اڈے‘ ریلوے سٹیشن‘ جنرل بس سٹینڈ اور ضلع راولپنڈی کے مختلف مقامات پر پبلک ٹرانسپورٹ کے سٹینڈز پر والدین کے ہمراہ سفر کرنے والے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔

انہوںنے کہا کہ جن علاقوں میں ابھی تک پولیو ٹیمیں نہیں پہنچ سکیں ان کے بارے میں محکمہ صحت یا علاقے کے ہیلتھ سنٹر سے رابطہ کیا جائے تاکہ پولیو مہم کے دوران کسی بھی علاقے میں ایک بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔

متعلقہ عنوان :