عالمی یوم میلاد مصطفی انٹرنیشنل کانفرنس 22 اپریل کو راولپنڈی میں ہوگی‘ ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور دیگر تما م متعلقہ اداروں کی طرف سے بھرپور انتظامات کا ایس او پی تیار کر لیا گیا

پیر 17 اپریل 2017 20:26

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2017ء) دربار عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی میں 22 اپریل کو منعقد ہونے والی عالمی یوم میلاد مصطفی انٹرنیشنل کانفرنس کیلئے ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور دیگر تما م متعلقہ اداروں کی طرف سے بھرپور انتظامات کا ایس او پی تیار کر لیا گیاہے۔ سجادہ نشین عید گاہ شریف پیرنقیب الرحمن اور دیگر افسران کی موجود گی میں آستانہ عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں ذکر مصطفیﷺ کی روحانی محفل کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات یقینی بنانے پر غور خوص کیا گیا تاکہ علماء کرام اور مشائخ عظام ، ثناء خوان مصطفے ﷺ اور کثیر تعدا د میں خصوصی محفل میں شرکت کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس موقع پرسکریننگ، سیکورٹی اور پارکنگ ،پینے کے پانی ، ابتدائی طبی امداد کی تمام تر سہولیات فراہم ہوں ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران یوم میلا د مصطفے ﷺکے شیڈول کے مطابق عید گاہ شریف میں ملک کے مختلف حصوں سے نعت خواں حضرات کی آمد اور پروگرام کے انعقاد کے شیڈول پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرا ر احمد، رکن پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ،اے ڈی سی عارف رحیم ،ایس ایس پی آپریشنز عرفان طارق، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس راولپنڈی مس سنجیدہ خانم ،سابق رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان،راحت مسعود قدوسی ، مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر شاہد غفور پراچہ ، ڈویژنل خطیب حافظ محمد اقبال رضوی، سرپرست اعلی مرکزی میلاد کمیٹی شیخ طارق مسعود ، اور متعلقہ محکموں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیرنقیب الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ آقائے حضرت محمد ﷺ سے محبت اور دینی تعلیمات پر عمل کرکے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے اور ہم اپنا تعلق مدینہ پاک سے جوڑ کر ہم تمام مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم میلاد مصطفے کانفرنس حضرت محمد ﷺ سے عقیدت کا اظہار ہے اورمیلاد کا انعقاد کرکے ہم پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ حضورپاکﷺ کی تعلیمات دنیا کے لئے مشعل راہ ہیں اور ان کی سیرت طیبہ کو اپنا کرہم دنیا اور آخرت میں سروخرو ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا میلاد کی متبرک محافل ہماری نجات اور کامیابی کا ذریعہ ہیں اور ہمیں ان محافل میں بھر پور انداز میں شریک ہونا چاہیے۔انہوں نے اس سلسلے میں انتظامیہ کے تعاون کو سراہا ۔اجلاس میں عالمی یوم میلاد مصطفے ﷺ کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عارف رحیم نے کہا کہ موجودہ حالات میں پیش بندی کے طور پر تمام تر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور انتظامیہ اور پولیس کے افسران اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے اور امن وامان برقرا ر رکھنے اور جان و مال کے تحفظ کے لئے سیکورٹی کے تقاضے پورے کئے جائیں۔

انہوںنے کہاکہ ذکر مصطفے ﷺ کی متبرک محفل میں شرکت اور اس کے انتظامات میں معاونت قابل فخر ہے اور تمام ادارے اپنے فرائض خوشی دلی سے سر انجام دیں گے۔ایس ایس پی آپریشنز عرفان طارق نے کہاکہ عالمی یوم میلاد مصطفے کانفرنس کے موقع پر پولیس کی طرف سے تمام تر ذمہ داریاں پوری کی جائیںگی اور حضورﷺ کی شان اقدس بیان کرنے کی متبرک محفل کے انعقاد کے انتظامات ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ علاقے کے مقامی پولیس افسران پر ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ مقامی سطح پر تمام مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں۔رکن قومی اسمبلی ملک ابرا ر احمد نے اظہار خیال کے دوران کہاکہ آستانہ عالیہ عید گاہ شریف علم و خیر کا مرکز ہے اور انٹرنیشنل کانفرنس کے موقع پر بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ راحت مسعود قدوسی نے کہاکہ عید گاہ شریف سے عشق محمد ﷺکا پیغام عام ہے جوکہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ راجہ محمد حنیف نے کہاکہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے صفائی کے بہترین نظام یقینی بنایا جائے گا۔ ملک شکیل اعوان نے کہاکہ کانفرنس کے بھر پور انتظامات ہوں گے کیونکہ یہ کانفرنس اہلیان راولپنڈی کے لئے بہت بڑی سعادت ہے۔

متعلقہ عنوان :