دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف اسلام کی آفاقی تعلیمات کی روشنی میں جوابی بیانئے کی تشکیل میں تعلیمی ادارے اور علما و دانش ور اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، سائنس و ٹیکنالوجی کی حقیقی تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی

صدر ممنون حسین کابین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے 12 ویں اجلاس سے خطاب

پیر 17 اپریل 2017 20:30

دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف اسلام کی آفاقی تعلیمات کی روشنی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف اسلام کی آفاقی تعلیمات کی روشنی میں جوابی بیانئے کی تشکیل میں تعلیمی ادارے اور علما و دانش ور اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، سائنس و ٹیکنالوجی کی حقیقی تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔و ہ پیر کوبین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے 12 ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کی حقیقی تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ اس سلسلے میں انھوں نے تعلیمی اداروں میں تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی تاکہ طالب علموں کی علمی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے اور وہ معاشرے کی قیادت کر سکیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی باہمی مفاد میں مشرق وسطی اور وسط ایشیا کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے اور اس یونیورسٹی کے دیگر مسلم ممالک میں کمپس بھی قائم کیے جائیں۔

انھوں نے یونیورسٹی کے انتطامی معاملات میں بورڈ آف ٹرسٹیز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔ اجلاس میں بورڈ آف ٹرسٹیز کے گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ یونیورسٹی کی ترقی کے سلسلے میں بورڈ کے 12 ویں اجلاس کے فیصلے سنگ میل ثابت ہوں گے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر یونیورسٹی کے معاملات میں بورڈ آف ٹرسٹیز کی گہری دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ادارے کی ترقی کے لیے اسی طرح اپنا کام جاری رکھیں۔اس سے قبل انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یسین زئی نے جامعہ کی سرگرمیوں کی رپورٹ اور دس سالہ اسٹریٹیجک پلان پیش کیا۔اجلاس میں پروچانسلر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ڈاکٹر سلیمان ا بن عبداللہ ابا الخلیل، صدر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش ، ریکٹر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یسین زئی ، وفاقی سیکریٹری تعلیم حسیب اختر، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد ، سابقہ صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر احمد محمد علی اور چیئرپرسن نیشنل کمیشن ہیومن ڈویلپمنٹ روزینہ عالم اور دیگر نے بھی شرکت کی۔