راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

پیر 17 اپریل 2017 20:37

راولپنڈی۔ 17اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2017ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ہمدردیونیورسٹی اسلام آباد کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کی رو سے دونوں ادارے مستقبل میں فارمیسی، ادویات اور تحقیق کے شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے۔راولپنڈی چیمبر کے صدرراجہ عامر اقبال جبکہ ہمدرد یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اظہر حسین نے معاہدے پر دستخط کیے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر کے صدر راجہ عامر اقبال نے کہاکہ صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے وقت کی اہم ضرورت ہے اور راولپنڈی چیمبر دورِ جدید کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اب تک 15یونیورسٹیز کے ساتھ باہمی تعاون کے سمجھوتے کر چکا ہے انہوںنے کہاکہ اس معاہدے سے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں خاص طور پر فارمیسی سے وابستہ طلباء کو صنعت میں عملی طور پر کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا جس سے طلباء کی اپنے کام کے حوالے سے نشو ونما ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ چیمبریونیورسٹیز کے طلباء کے مابین بزنس پلان کمپٹیشن کا انعقاد کراتا رہتا ہے جس سے طلباء اسٹیک ہولڈرز کے سامنے اپنی قابلیت کا اظہار کرتے ہیں جو انکی پروفیشنل لائف میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اسکے علاوہ چیمبر طلباء کے لئے انٹرن شپ کے مواقع اور انڈسٹری کے دوروں کا بھی انتظام کراتا رہتا ہے جس سے طلباء کو عملی طور پر سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

صدر چیمبرنے کہاکہ طلباء صنعت میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے ذریعے انقلاب لا سکتے ہیں اور اس سلسلے میں راولپنڈی چیمبر کا پلیٹ فارم تما م طلبا ء کے لیے کھلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کے لیے ریسرچ کے حوالے سے کام کرکے طلباء گراں قدر خدمات سرانجام دے سکتے ہیں جو کہ ان کی عملی زندگی میں قدم رکھنے کے لیے بھی ایک اہم دستاویز ثابت ہو گی۔ اس موقع پر ہمدرد یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اظہر حسین نے راولپنڈی چیمبر کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر صنعتی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ہمدرد یونیورسٹی کے طلباء چیمبر کی طرف سے پیش کی جانے والی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں گی انہوں نے تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایسے اقدامات ناگزیر حیثیت اختیار کر گئے ہیں ، ۔

اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے نائب صدر عاصم ملک ، فارمیسی کونسل آ ف پاکستان کے نائب صدر اے کیو جاوید اقبال، فیکلٹی اور طلباء کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :