اپنے 3 سالہ ٹی ڈیپ کے دور میں اعلیٰ خدمات انجام دیں، مسعود نقی

ایس ایم منیر کاٹی ڈیپ کے عہدے سے مستعفی ہونا ادارے اورمعیشت کے لئے بڑا دھچکہ ہے ،کاٹی

پیر 17 اپریل 2017 20:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2017ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر مسعود نقی، سینئر نائب صدر غضنفر علی خان، نائب صدر عمر ریحان، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور کاٹی کے سابق چیئرمین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر کی جانب سے بطور چیف ایگزیکٹو ٹی ڈیپ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے معیشت کے لئے بڑا دھچکہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ ایس ایم منیر نے بطور چیف ایگزیکٹیو ٹی ڈیپ ایک پیسہ بھی تنخواہ یا الائونس کے طور پر اپنی خدمات کی مد میں نہیں لیا اور ہر کوئی جانتا ہے کہ ایس ایم منیر کی خدمات پورے ملک میں مثالی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور صنعتکاروں کے درمیان مسائل کو حل کرانے میں ایس ایم منیر نے ہر سطح پر اپنا کردار نبھاتے ہوئے ایک پل کا کردار ادا کیا، صنعتکاروں کے اربوں روپے ٹیکس ریفنڈ واپس نہ کرنا اور اسی طرح صنعتکاروں کے دیگر مسائل کا حل نہ ہونا ایک وطن کا درد اور ملک کی ترقی و خوشحالی کی آرزو رکھنے والے شخص کے لئے دلبرداشتہ ہوکر عہدے سے مستعفی ہونے پر مجبور کیا، ان کا یہ فیصلہ ملک کی بزنس کمیونٹی کے لئے قابل تشویش ہے کیونکہ وہ ٹی ڈیپ میں کرپشن کے خلاف ایک مسیحا کے روپ میں تھے۔

ایس ایم منیر نے بزنس کمیونٹی کے مفادات کا تحفط کرتے ہوئے عہدے کو قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر کا شمار ان چند لوگوں میں ہوتا ہے جو ملک کے بے شمار سماجی، فلاحی اور تعلیمی اداروں کی سر پرستی کررہے ہیں ، بطور چیف ٹڈاپ کے وہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے میں پیش پیش رہے ہیں، اپنے 3 سالہ ٹی ڈیپ کے دور میں اعلیٰ خدمات انجام دیں، کرپشن اور اقرباء پروری کا جڑ سے خاتمہ کیانیز دنیا بھر میں بین الاقوامی نمائشوں کا کامیاب انعقاد کرتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کو دنیا بھر میں روشناس کرایا۔

ایس ایم منیر کی قابلیت سے بزنس کمیونٹی کا ہر شخص واقف ہے، انکی شخصیت باوقار اور ماضی بے داغ ہے۔ایس ایم منیرکی قیادت پربھرپوراعتماد کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم منیر کی شخصیت تاجروں کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے اور تاجربرادری کو فخر ہے کہ ان کے درمیان ایس ایم منیر جیسی لیڈرشپ موجودہے۔