پانچویں انگلش ایکسس مائیکرواسکالرشپ پروگرام کا آغاز

پیر 17 اپریل 2017 20:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2017ء) پانچویں انگلش ایکسس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام کے آغاز کے موقع پر کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے عہدیداروں اور ایوولیوشن کے عملے نے 150 نئے طلبہ کا استقبال کیا۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انگلش ایکسس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام (Access) طلبہ کو انگریزی زبان سکھانے اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں بیدار کرنے کا دو سالہ پروگرام ہے جس کے ذریعے محروم اور پس ماندہ طبقے کے 13 سے 20 سال کے طلبہ کو تربیت دی جاتی ہے۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کی علاقائی افسر برائے زبان و تعلیم ماریہ سنارسکی نے کہا کہ انگلش ایکسس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام نوجوانوں کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ انگریزی زبان کی اعلی مہارت اور قائدانہ اوصاف حاصل کریں، یہ صلاحیتیں انہیں اعلی تعلیم اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ عالمی برادری سے رابطے بڑھانے میں بھی مدد دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

ایکسس پروگرام کے ذریعے اب تک دنیا بھر کے 80 سے زائد ممالک میں ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زیادہ طلبہ کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ ایکسس پروگرام کا پاکستان میں آغاز 2004ء میں ہوا اور پاکستان میں اب تک 13 ہزار سے زائد طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہوچکے ہیں۔ ایکسس پروگرام کے طلبہ اپنی برادریوں کو درپیش مسائل سے آگہی حاصل کرتے ہیں، ان میں مثبت شہری رویہ پروان چڑھتا ہے، محروم طبقات کے لیے ہمدردی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ ملتا ہے۔

کراچی کے بعد اب چند ہفتوں میں یہ پروگرام سکھر اور حیدرآباد میں بھی شروع کیا جائے گا، سکھر میں تین اضلاع میں ایکسس پروگرام کی مشترکہ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی، ان اضلاع میں سکھر، نوشہرو فیروز اور خیرپور شامل ہیں جہاں یہ پروگرام پہلی بار شروع کیا جا رہا ہے۔