محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے 3200ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دیدی

پیر 17 اپریل 2017 20:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2017ء)محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے 3200ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ صوبائی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں صوبے بھر کے مختلف ہسپتالوں او ر محکمہ صحت کے دفاتر میںکام کرنے والے ڈاکٹروں اور دیگر ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی تھی ہیلتھ ایمپلائز ریگولیشن بل صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بعد اسے محکمہ خزانہ کوارسال کیاتھا ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے بعض پیچدگیوں کے بارے میں محکمہ صحت ، قانون ، اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کی تھی ۔

(جاری ہے)

ان محکموں کی جانب سے رپورٹس کی فراہمی کے بعد محکمہ خزانہ نے ان ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ اور سمری واپس محکمہ صحت کو ارسال کردی ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ خزانہ نے بعض ملازمین کو مستقل کرنے پر تحفظات کااظہار بھی کیاتھا تاہم پیچدگیاں دورکرنے کے بعدانہیں کلیئر قرار دیا گیا ۔ محکمہ صحت کی جانب سے حتمی منظوری کے لئے سمری چیف سیکرٹری کو ارسال کی جائیگی جس کے بعد اس کا اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔