ملک کو ترقی سے ہمکنارکرنے کے لئے بد عنوانی کا تدارک کرنا ہوگا،صوبائی وزیر عاطف خان

پیر 17 اپریل 2017 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2017ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور ترقی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ہم نے ملک کو آگے لے جانا ہے تو اس کے لیے سیاست کو کرپٹ مافیا سے آزاد کرنا ہوگا ۔ہمارے نوجوانوں نے عہد کیا ہے کہ اس بار پورے ملک سے کرپٹ سیاستدانوں کا بوریا بستر گول کر کے اچھے کردار کے لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیجیں گے تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں ایک فلاحی ریاست بنایا جاسکے۔

وہ گذشتہ روز یونین کونسل گجرات کے علاقے عجب خان بانڈہ میں مقامی معروف ڈاکٹر افضل کی اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کررہے تھے جس سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان اور ڈاکٹر افضل نے بھی خطاب کیا ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ہماری حکومت نے اداروں کا قبلہ درست کردیا ہے او ر مؤثر قانون سازی کرکے سرکاری افسروں اوراہلکاروںکو حکومت اور عوام دونوں کے سامنے جوابدہ بنا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

سکولوں اور ہسپتالوں میں عملے کی غیر حاضری کا کلچر ختم کردیا ہے اور فرائض کی انجام دہی میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف بھر پور تادیبی کاروائی کی جاتی ہے جس سے کام چور اور نااہل عملہ بھی راہ راست پر آگیا ہے اور ہمارے ان اقدامات کی وجہ سے عوام کے مسائل اب ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ حکمرانوں نے ہمارے ملک کے نظام کو اپنے مقاصد کے لیے تباہ وبرباد کر کے رکھ دیا ہے غریب آدمی معمولی مقدمات میں جیلوں میں سڑ رہا ہے اور قومی دولت لوٹنے والے لٹیرے چور اور ڈاکو ایوانوں میں بیٹھے ہیں ہم عمران خان کی قیادت میں ظلم کے اس نظام کو بدلنے نکلے ہیں اور انشاء اللہ اگلے انتخابات میں عوام ہمارا بھرپور ساتھ دیں گے اور پورے ملک میں تبدیلی لائی جائے گی ۔

محمد عاطف خان نے اس موقع پر علاقے کے لیے متعدد ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا ۔