ہمیں مل کر دہشت گردی، جہالت وغربت کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، ڈاکٹر ظفر معین ناصر

پیر 17 اپریل 2017 23:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی، جہالت اور غربت کے مسائل کا سامنا ہے اور ہمیں مل کر یہ مسائل حل کرنے ہیں ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک ، محکمہ سوشل ویلفئیر پنجاب اور کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیاء کے زیر اہتمام این جی او مینجمنٹ و لیڈرشپ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں چئیرمین شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر زاہد جاوید، ڈائریکٹر جنرل محکمہ سوشل ویلفئیر پنجاب وحید اختر انصاری، پروفیسر ڈاکٹر سید حسنات حسین شمسی، ریکٹر سپیرئیر یونیورسٹی، محمد اعظم خان، سابق ڈپٹی آڈیٹر جنرل آف پاکستان، ڈپٹی سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب کیپٹن ارشد منظور، سونیا عمر ، فیکلٹی ممبران اور طلباء طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو معاشرے کی فلاح میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کے مسائل کو دور کرنے کے لئے طلباء وطالبات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ ہم پر اس کام کی ذمہ داری ذیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی غریب عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہم پر خرچ کیا جا رہا ہے جسے ہم نے ملک کی غریب عوام کو واپس لوٹانا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زاہد جاوید نے کہا کہ ہمیں انسانیت کی خدمت بلا امتیاز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانی حقوق کی فراہمی اور سماجی برابری کو یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ سوشل ورک میں طلباء عملی کام پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :