وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ برائے توانائی کا اجلاس

وزیر اعظم نے اجلاس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں جلد از جلد کمی لانے کی ہدایت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 اپریل 2017 13:56

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ برائے توانائی کا اجلاس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اپریل 2017ء) : وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ برائے توانائی کا اجلاس ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں اجلاس میں پانی وبجلی ، وزارت پٹرولیم ، وزارت خزانہ کے وفاقی وزرا اور واپڈ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں جاری بجلی کے حالیہ بحران اور متبادل انتظامات کے امور پر غورکیا گیا۔

اجلاس میں وزارت پانی و بجلی نے بجلی پیداوار اور طلب پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث ہوا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی پیداوار 12 ہزار 220 میگاواٹ اور طلب 18 ہزار 900 تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ پن بجلی کے ذرائع سے 1 ہزار 920 میگا واٹ بجلی اور تھرمل پلانٹ سے 2 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں نجی شعبے بجلی گھرسے7 ہزار 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ شہری علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ جس کے باوجود بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 680 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے ہو گیا ہے۔ جس پر وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ عوام کی پریشانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی پیداوار کے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جائیں اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کرنے کےلیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کے موجودہ جاری پیداواری منصوبوں کی بروقت تکمیل ہونی چاہیے۔ اجلاس میں وزارت پٹرولیم نے پیداواری منصوبوں کیلیے تیل وگیس کی فراہمی پر بھی بریفنگ دی ۔ جس میں بتایا گیا کہ گرمی کی شدت میں وقت سے پہلے اضافہ ہو گیا ہے اوریہی اضافہ ملک میں بجلی کی طلب بڑھنے اور لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا باعث بنا۔

جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرمی میں اضافے کا بہانہ مناسب نہیں۔ ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور عوام کو جلد از جلد بجلی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :