محکمہ زراعت ، مکئی کے کاشتکاروں کو فصل کی بہتر نشو ونما کیلئے کھادوں کے مناسب استعمال کی ہدایت

منگل 18 اپریل 2017 15:34

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2017ء)محکمہ زراعت نے مکئی کے کاشتکاروں کو فصل کی بہتر نشو ونما اور اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کے مناسب استعمال کی ہدایت کی ہے ۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ کھادوں کا بروقت استعمال انتہائی مفید نتائج کاحامل ثابت ہواہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مکئی کی سنتھیٹک اقسام میں ایک بوری یوریا فصل کی اونچائی ایک فٹ ہونے پر ، ایک بوری یوریا فصل کا قد اڑھائی سے تین فٹ ہونے پر اور ایک بوری یوریا فی ایکڑ فصل پر سٹہ نمودار ہونے سے پہلے ڈالنا ضروری ہے۔

انہوںنے بتایاکہ ہائبرڈ اقسام کو فی ایکڑ ایک بوری یوریا پودوں کی اونچائی ایک فٹ ہونے پر ، ایک بوری یوریا اڑھائی سے تین فٹ اونچائی پر اور آخری بار اڑھائی بوری یوریا پودوں پر سٹہ نمودار ہونے سے پہلے ڈالنا ضروری ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ مذکورہ سفارشات کے مطابق کھاد ڈالنے سے نہ صرف پودوں کی غذائی ضروریات پوری ہوتی ہیں بلکہ فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہوتاہے۔