بھارت اور کٹھ پتلی حکمران کشمیریوں کا جذبہ آزادی توڑنے میں ناکامی کے بعد خانہ جنگی کی سازش کررہے ہیں، شبیر احمد

پولیس اہلکارعوام کیخلاف کھڑا ہونے کے بجائے تحریک آزادی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں،چیئرمین ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی

منگل 18 اپریل 2017 17:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کہاہے کہ بھارت اور اس کے کٹھ پتلی حکمران کشمیریوں کا جذبہ آزادی توڑنے میں ناکامی کے بعدمقامی پولیس اور عوام کے درمیان محاذ آرائی پیدا کرنے کی سازشیں کررہے ہیں ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ایس پی وید کا بیان اور پولیس اہلکاروں کے نام حال ہی میں جاری کی گئی ایڈوائزری اسی منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے ۔

انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروںپر زوردیا کہ وہ خانہ جنگی کی آگ کو ہوا دینے والے افسران کے احکامات نہ مانیں اور باہمی رشتے کو نقصان پہنچانے والی کاروائیوں سے دور رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلق ایک ہی سماج سے ہے اور آپس میں رشتوں اور تعلقات کے بندھنوں میں بندھے ہیں۔ مقامی پولیس میںشامل سپاہیوں اور افسران کا تعلق اسی مٹی سے ہے اورانہیں بھی یہیں جینا مرنا ہے ۔

ہمارے مساجد اور مقابر ایک ہیں اور ایک ہی ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔ پولیس اہلکاروںکے بچے تعلیمی اداروں میں ہمارے بچوں کے ساتھ زیر تعلیم ہیں ۔حریت پسندنوجوانوں اور طلباء پر مظالم ڈھانے اورانہیں فرضی کیسوں میں ملوث کرنے سے مخاصمت پیدا ہورہی ہے۔ شبیر احمد شاہ نے افسوس کا اظہار کیاکہ چند پولیس اہلکار اعزازات اور عہدوں کی لالچ میں اپنے ہی لوگوں کے مدمقابل کھڑے ہیں اوروہ نوجوانوں کو بے جا گرفتار کرکے معاندانہ فضا پیدا کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح زندگی کی ہر شعبے میں اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں اسی طرح پولیس میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں لیکن پولیس میں باضمیرلوگوں کی بھی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ SOGاور ٹاسک فورس میں شامل اہلکار سمجھ لیں کہ اپنے لوگوں کے خلاف اعلان جنگ کرکے وہ خود بھی ایک ذہنی کشمکش میں مبتلا ہیں اور تنائو اور تذبذب کی زندگی گزاررہے ہیں۔

حریت رہنما نے ایس اوجی اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ عوام کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کے بجائے ان کے شانہ بشانہ تحریک آزادی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔دریں اثناء شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر پارٹی کا ایک وفد شہید ایس حمید کے یوم شہادت پرانہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار شہداء گیااورایس حمید سمیت تمام شہدائے کشمیر کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔وفد میںمحمد یوسف میر، ، مولوی بشیر احمد اوراعجاز احمد شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :