بھارتی بزنس ٹائیکون وجے مالیا کی لندن میں گرفتاری و رہائی

قرضوں کی عدم ادائیگی ،دھوکہ دہی کے الزام میں بھارت کو مطلوب تھا ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ نے ساڑھے چھ لاکھ پائونڈ ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کیا ، بھارت حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت 17مئی کو ہوگی وجے مالیا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا

منگل 18 اپریل 2017 21:46

بھارتی بزنس ٹائیکون وجے مالیا کی لندن میں گرفتاری و رہائی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2017ء) قرضوں کی عدم ادائیگی اور دھوکہ دہی کے الزام میں بھارت کو مطلوب بزنس ٹائیکون وجے مالیا کو لندن میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مطابق میٹرو پولیٹن پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غیرفعال کنگ فشر ایئرلائنز کے لیے لیے جانے والے قرض واپس نہ کرنے کے الزام میں وجے مالیا کو حراست میں لیا گیا۔

61 سالہ وجے مالیا کو بھارتی حکام کی درخواست پر برطانوی پولیس نے گرفتار کیا اور ان پر دھوکہ دہی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔گرفتاری کے بعد وجے مالیا کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں ساڑھے 6 لاکھ پاؤنڈ کے ضمانتی مچلکے پر انہیں رہا کردیا گیا جبکہ انہیں بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق کیس کی سماعت 17 مئی کو ہوگی۔

(جاری ہے)

ضمانت پر رہا ہونے کے بعد وجے مالیا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا جس نے ان کی گرفتاری کی خبر کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا تھا۔

وجے مالیا نے کہا کہ 'وہی بھارتی میڈیا کی مبالغہ آرائی، عدالت میں آج سے حوالگی کی سماعت شروع ہوئی جو پہلے سے طے شدہ تھی'۔واضح رہے کہ بھارتی حکام نے برطانیہ سے وجے مالیا کی حوالگی کی درخواست کی تھی تاکہ ان پر بھارت میں دھوکہ دہی اور قرض واپس نہ کرنے کا مقدمہ چلایا جائے۔بھارتی بینکوں کا دعویٰ ہے کہ وجے مالیا کی کنگ فشر ایئرلائنز دیوالیہ ہوچکی ہے اور اس پر 1.4 ارب ڈالر واجب الادا ہیں۔بھارتی بینکوں نے رقم کی وصولی کے لیے وجے مالیا پر مقدمہ بھی کررکھا ہے تاہم وہ گزشتہ برس مارچ میں بھارت سے فرار ہوکر برطانیہ چلے گئے تھے۔وجے مالیا خود پر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنا دفاع کرتے رہتے ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :