پنجاب یونیورسٹی کی ریٹائرڈ خاتون پروفیسر اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں

منگل 18 اپریل 2017 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2017ء)لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کی ریٹائرڈ خاتون پروفیسر اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔مقتولہ کے شوہر پہلے ہی انتقال کرچکے تھے جبکہ ان کی اکلوتی بیٹی کراچی میں مقیم ہیں۔ریٹائرڈ پروفیسر طاہرہ پنجاب یونیورسٹی ہاؤسنگ کالونی میں واقع اپنے گھر میں تنہا رہتی تھی۔سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اقبال ٹاؤن رانا عمر فاروق نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مقتولہ کی بیٹی گزشتہ رات سے اپنی والدہ کو مسلسل فون کالز کر رہی تھیں، لیکن جب انہیں متعدد کالز کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا تو انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو اس حوالے سے مطلع کیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے چند عہدیدار جب مقتولہ کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو انہوں نے ریٹائرڈ پروفیسر کی خون میں لت پت لاش دیکھی۔

(جاری ہے)

گھر کا مرکزی دروازہ توڑ کر کسی کے داخل ہونے یا ڈکیتی کے کوئی شواہد نہیں ملے، جبکہ پولیس کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا۔اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ تھانے کی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم حملہ آور مبینہ طور پر ریٹائرڈ پروفیسر طاہرہ کے پنجاب یونیورسٹی ہاؤسنگ کالونی میں واقع گھر میں گھسے اور انہیں پیپر کٹًر کے وار سے قتل کردیا۔پولیس نے کہا کہ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں بھی کامیاب رہے۔بعد ازاں پولیس نے مقتولہ کی لاش کو طبی و قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔۔