شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائینگی، نعیم خان

وہ دن دور نہیں ہے جب قابض بھارتی فورسز سے سر زمین کشمیر آزاد ہوجائیگی، چیئرمین جموں کشمیر نیشنل فرنٹ

جمعرات 20 اپریل 2017 17:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان شہید سجاد حسین شیخ کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ضلع بارہمولہ کے علاقے چندوسہ گئے ۔سجاد احمد شیخ کو بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے گذشتہ دنوں سرینگر کے علاقے بٹہ مالو سرینگر میں سر میں گولی مار کر شہید کر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

نعیم خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی فورسز کو کشمیری نوجوانوں کے خون کی لت لگ گئی ہے اور وہ روز کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں ہے جب قابض بھارتی فورسز سے سر زمین کشمیر آزاد ہوجائے گی اور اہل کشمیر شہدا کے خون اور قربانیوں کے ثمر سے فیضیاب ہونگے۔ نعیم احمد خان نے شہید مظفر احمد میر کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا جو 9اپریل کو نام نہاد انتخابات کے روز بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے اور بدھ کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔انہوںنے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :