پانامہ کیس کے فیصلے سے انصاف ،عوام اور جمہوریت کی فتح ہوئی ہے،چوہدری محمدبرجیس طاہر

محمدنواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) پاکستان کی ترقی کامشن جاری رکھے گی،عدالت نے حق وانصاف پر مبنی فیصلے سے سازشی عناصرکی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے، وفاقی وزیر امور کشمیروگلگت بلتستان

جمعرات 20 اپریل 2017 18:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے پانامہ کیس سے متعلق اعلیٰ عدلیہ کے تاریخی فیصلے پر مسُرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے حق و انصاف کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان کے عوام اورجمہوریت کی فتح ہوئی ہے جس سے بلاشبہ پاکستان کے روشن مستقبل کے امکانات واضح ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمدنوازشریف پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی علامت بن چکے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ چند سازشی عناصر اُن کے پاکستان کے ترقی کے ایجنڈے سے سخت خائف ہو چکے تھے اور 2013 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی کے بعد سے ہی انہوں نے محمدنواز شریف کے خلاف سازشیں شروع کر دیں اور انہیں اقتدار سے ہٹانے کے لیے دھرنوںسمیت دیگر ہتھکنڈوں کا استعمال کیا جس میں بلاآخر ان کو منہ کی کھانی پڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پاکستان کی عدالتوں نے عمران خان اور اُن کی جماعت کے غلط موقف اور الزامات کو مسترد کر دیا ہے جس سے یہ بات مکمل طورپر واضح ہو گئی ہے کہ مسلم لیگ(ن) محمدنواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی وخوشحالی کا سفرجاری رکھے گی اور 2018 ء کے انتخابات میں کامیابی سے ملک کی ترقی کے اُس وژن کی تکمیل کرے گی جو آج ملک کے طول و عرض میں سی پیک ،بجلی کے بڑے منصوبوں اور موٹرویز کی تعمیر کی صورت میں جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدالتوں کا تہہ دل سے احترام کیا ہے اور پانامہ کیس کے فیصلے سے قبل بھی محمدنواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنمائوں نے اعلیٰ عدلیہ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا اور اس کیس سے متعلق عدالت کے فیصلے کو من وعن قبول کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آ چکا ہے تو مسلم لیگ(ن) عدلیہ کے فیصلے کا بھرپور احترام کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اعلیٰ عدلیہ سے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے اس اُمید کا بھی اظہار کیا کہ سیاسی مخالفین نہ صرف اس فیصلے کو تہہ دل سے تسلیم کریں گے بلکہ اس سے یہ سبق بھی حاصل کریں گے کہ جھوٹے الزامات سے کسی بھی صورت اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کیے جاسکتے اور حق اور سچ کو کسی صورت میں نہیں دبایا جا سکتا۔ اُنہوںنے کہا کہ آج فیصلے سے عمران کی منفی اور دھرنا سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے اور عوام میں اُن کی شہرت زیرو لیول پر پہنچ چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) ملک کی بدستورمضبوط ترین سیاسی جماعت کا درجہ قائم رکھتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کرے گی اورمحمد نواز شریف جیسے سنجیدہ اور زی شعور رہنما کی قیادت میں مضبوط پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو کر رہے گا۔