زمرودہ حبیب کی طلباء پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت

تعلیمی اداروں کو بھی فوجی چھائونیوں میںتبدیل کر دیا گیا ہے، نوجوانوں کا لہو روز ضرور رنگ لائیگا، صحافیوںسے گفتگو

جمعرات 20 اپریل 2017 18:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2017ء)مقبوضہ کشمیر میں کشمیر تحریک خواتین نے بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری طلباء و طالبات پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک کشمیر خواتین کی چیئرپرسن زمرودہ حبیب نے سرینگر میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ طلباء کشمیر کا مستقل ہے اور انکے خلاف جبر واستبداد کی کارروائیاں سراسر ریاستی دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید مظفر احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا لہو ایک روز ضرور رنگ لائے گا۔ زمرودہ حبیب نے طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نماز جمعہ کے بعد پر امن احتجاج کی مزاحمتی قیادت کی کال کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو بھی فوجی چھائونیوں میںتبدیل کر دیا گیا ہے اور طلباء کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جا رہا ہے۔زمرودہ حبیب نے زخمی طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی دھرنا بھی دیا۔ انہوں نے اس موقع پر انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔