انسانی لائبریری،جہاں سے لوگ کتابیں نہیں بلکہ انسانوں کو ادھار لے جاتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 20 اپریل 2017 23:54

انسانی لائبریری،جہاں سے لوگ کتابیں نہیں بلکہ انسانوں کو ادھار لے جاتے ..

دنیا کے بہت سے  ممالک، خاص کر مغربی ممالک ، میں کتابوں کی لائبریری کی طرح  انسانی لائبریری(ہیومن لائبریری) بھی موجود ہیں۔ یہاں سے لوگ کتابوں کی بجائے انسانوں کو ادھار لے جاتے ہیں۔یہ لائبریریاں مستقل بھی ہوتی ہیں اور مختلف تقاریب یعنی ایونٹس کی صورت میں بھی ہوتی ہیں۔اس طرح کی لائبریری میں مختلف شعبوں اورمختلف پس منظر رکھنے والی کتابیں یعنی لوگ ہوتے ہیں۔

یہاں آنے والے لوگ فیس دے کر یا مفت میں ہی مختلف اوقات کے لیے افراد کو ادھار لے جاتے ہیں اور پھر اُن سے اُن کی زندگی کی کہانیاں سنتے ہیں۔دنیا کی بڑی انسانی لائبریریوں میں درج ذیل اقسام  کی کتابیں یعنی انسان  موجود ہوتے ہیں۔
•    آٹزم  کے شکار افراد۔ لوگ انہیں ادھار لے کر ان سے باتیں کر کے انہیں کچھ سکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)


•    ظاہری جسم تبدیل کرنے والے۔

ایسے افراد ٹیٹوز اور دوسرے طریقوں سے جلد میں تبدیلیاں کرتے ہیں۔ لوگ انہیں ادھار لے کر ان کےتجربات کے بارے میں جانتے  ہیں۔
•    پناہ گزین۔ لوگ ایسے افراد سے اُن کے ماضی اور ہجرت کے قصے سنتے ہیں۔
•    جنس تبدیل کرانے والے۔ ایسے افراد سے بھی لوگ اُن کی بدلی ہوئی زندگی کے بارے میں سوالات کرکے اُن کے تجربے کے بارے میں جانتے ہیں۔


•    بے گھر افراد۔ ان کے پاس ایسی ایسی کہانیاں ہوتی ہیں، جو شاید کسی دوسرے کے پاس نہیں ہوسکتیں۔
•    گونگے، بہرے اور اندھے۔ ان  کتابوں یعنی لوگوں سے بات چیت کرنا مشکل ہوتا ہے  لیکن اُن کی کہانیاں بھی کچھ کم نہیں ہوتیں۔
•    موٹے افراد۔ لوگ ایسے لوگوں سے مل کر بھی اُن کے تجربات جانتے ہیں۔
•    مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے۔

ایسی کتابیں یعنی افراد لوگوں کو اپنے اپنے مذاہب کے بارے میں  معلومات دیتی ہیں۔
•    جنسی زیادتی کے شکار افراد۔بہت سے ممالک میں جنسی زیادتی کے شکار افراد بھی لوگوں سے بات کر کے اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہیں۔
•    مختلف بیماریوں کے شکار۔ ایسے افراد لوگوں کو اپنی بیماریوں اور اس سے حاصل ہونے والے تجربات کے بارے میں بتاتے ہیں۔
•    پاگل افراد۔ ایسے افراد جن کا دماغی توازن درست نہ ہو، لوگ اُن سے بھی باتیں کرنا پسند کرتے ہیں۔
•    سپاہی۔ لوگ سپاہیوں سے بھی اُن کے تجربات کے بارے میں جانتے ہیں۔
•    بے روزگار افراد۔ کچھ انسانی لائبریریوں میں بے روز گار کتابیں بھی ہوتی ہیں۔