کشمیری بی جے پی رہنمائوں کے دھمکی آمیز بیانات سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے، شبیر احمد شاہ

بھارت مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرسکا،رمضان خان

جمعہ 21 اپریل 2017 20:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نیبھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری رام مادھو کے اس بیان کی شدید مذمت کی جس میں انھوں نے حالیہ انتخابی ڈرامے کے دوران بڈگام میں ایک نو جوان کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے بھارتی فوج کے مذموم اقدام کو درست قرار دیا ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ یہ فرسودہ اور استعماری سوچ کی علامت ہے اور اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ جموں کشمیر میں انسانی جانوں سے ہونے والی کھلواڑ کا موثر نوٹس لیں۔انہوں نے کہا بی جے پی کے جنرل سیکریٹری کے بیان کو انکے ذہنی دیوالیہ پن کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے روز 9جوانوں کو قتل جبکہ سو سے زائد کو زخمی کیا گیا۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ قبل ازیں بی جے پیکے ایک رہنماء سبرامنیم سوامی نے فرقہ وارانہ سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیریوں کو تامل ناڈو منتقل کرنے کی بات کی تھی ۔ شبیر احمد شاہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کٹھ پتلی وزیر چندر پرکاش گنگا کے بیان پر بھی سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے رہنمائوں کو یاد رکھنا ہوگا کہ اس طرح کی دھمکیوں سے مرعوب ہوکر کشمیری اپنی جد وجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوںنے کہا کہ فرقہ پرست ہندو رہنما کھل کر کشمیریوں پر گولیاں داغنے کی بات کر رہے ہیں لہذا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ دوہرا معیار ترک کر کے کشمیریوں کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرے۔انہوں نے کشمیری طلباء کی مار پیٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اس کے شدید نتائج برآمد ہوں گے ۔ دریں اثنا جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے بھی رام مادھو اور چندر پرکاش گنگا کے بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں انسانیت سوز اور آمرانہ ذہنیت کا عکاس قرار دیا ہے۔

محمد رمضان خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جد وجہد سے دستبردار نہیں کر سکا ۔ انہوں نے نوجوانوں کی بلا جواز پکڑ دھکڑ اور انہیں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی۔

متعلقہ عنوان :