کامسیٹس یونیورسٹی اٹک میں بین الصوبائی یونیورسٹیز دو روزہ تقریبات کا آغاز

جمعہ 21 اپریل 2017 21:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) کامسیٹس یونیورسٹی اٹک میں بین الصوبائی دو روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا،تقریبات کا مقصد پاکستان کے تمام علاقے کی یونیورسٹی طلبہ و طالبات کے درمیان آپس کے تعلقات کو بڑھانا اور ان کے درمیان رابطے قائم کرناہے ،اس موقع پر ڈائریکٹر کامسیٹس اٹک ایئر کموڈور (ر) ڈاکٹر عبدالرحمان ، ڈاکٹر پیر عظمت شاہ، ڈائرکٹر ایونٹ ڈاکٹر فرحان عادل اور کومبیٹ ہیڈ اسسٹنٹ پروفیسر ریحان چوہان نے طلبہ کو خوش آمدید کہا اور مختصر خطاب کیا، ان تقریبات میں پاکستان کے تین صوبوں کی 40یونیورسٹیوں کی540 طلبہ حصہ لے رہے ہیں،سندھ کی یونیورسٹیز کو بھی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن انہوں نے طویل سفر کے باعث شرکت سے معذوری کا اظہار کیا تھا،پہلے دن طلبہ میں آپسی رابطوں اور انہیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے 5میجر کیٹیگریز کے 29ایونٹس کا انعقاد کیا گیا یہ ایونٹس کل بھی جاری رہیں گے، پروفیسر ریحان چوہان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان مقابلوں کا مقصد ہار جیت یا کسی کو بڑا چھوٹا ثابت کرنا نہیں ہے، اس کا واحد مقصد طلبہ کے درمیان آپس کا رابطہ اور انہیں ایک دوسرے کے مشاہدات اور تجزیات سے مستفید کرنا ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 40یونیورسٹیوں کے 540طلبہ کا مقابلوں میں حصہ لینا ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔