ویٹرنری یونیورسٹی ٹیم آل پنجاب ناٹک و سوانگ مقابلے کی فاتح

ناٹک مقابلوں میں جی سی یونیورسٹی دوسرے اور لاہور کالج ٹیم تیسرے،سوانگ مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام الحمراء کلچرل کمپلیکس میں امن ، برداشت اور ہم آہنگی کے عنوان سے دو روزہ مقابلے ختم

جمعہ 21 اپریل 2017 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام’’امن، برداشت اور ہم آہنگی‘‘ کے عنوان سے آل پنجاب ناٹک و سوانگ (ڈرامہ اینڈ مائم) مقابلہ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی ٹیم نے جیت لیا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی ٹیم دوسرے اور لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔

فاتحین کو بالترتین ایک لاکھ، 75ہزار اور 50 ہزار روپے نقدانعامات دیئے گئے۔ جبکہ سوانگ بھرنے کا مقابلہ (مائم) بھی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی ٹیم نے ہی جیتا۔ جبکہ پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔ فاتحین کو بالترتیب 50 ہزاراور 25 ہزار روپے نقد انعامات دیئے گئے جبکہ انفرادی کارکردگی پر این سی اے نے بہترین اداکار، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ٹیم نے بہترین اداکارہ جبکہ معاون اداکار کا پہلا انعام یونیورسٹی آف سرگودھا اور بہترین معاون اداکارہ کا انعام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی طالبہ نے حاصل کیا۔

(جاری ہے)

بہترین مزاحیہ اداکار کا انعام پنجاب یونیورسٹی، ولن رول کاانعام لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، بہترین پروڈکشن کا انعام یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ، فنی مہارت کا ایوارڈ یونیورسٹی آف گجرات، بہترین سیٹ کا ایوارڈ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، بہترین میک اپ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، بہترین پراپس گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، بہترین سکرپٹس یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، جبکہ سوانگ کے مقابلوں میں بہترین پراپس یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، بہترین میک اپ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور بہترین پروڈکشن کا ایوارڈ پنجاب یونیورسٹی نے حاصل کیا۔

مجموعی طور پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی ٹیم نے 6، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی ٹیم نے 5 ایوارڈز اپنے نام کئے۔ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و ثقافت ثمن رائے نے ’’پکار‘‘ کی طرف سے پوزیشن حاصل کرنے والے فنکار طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔