جعلی جوس مافیا کے خلاف کریک ڈائون ، 3فیکٹریاں سیل، 80ہزار لیٹر جوس برآمد

45ہزار لیٹر کا خام مال بھی پکڑا گیا،غیر ملکی جوسز کی نقل تیار کرنے والا یونٹ بھی سیل گرمیاں آتے ہی جعلی جوس مافیا سرگرم ہو گیا تھا، پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل نے خفیہ یونٹ ڈھونڈ نکالے ملاوٹ مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے عوام کاتعاون ناگزیر،ایسے عناصر کی خبر دے کراپنا فرض نبھائیں:رافیعہ حیدر

جمعہ 21 اپریل 2017 23:38

جعلی جوس مافیا کے خلاف کریک ڈائون ، 3فیکٹریاں سیل، 80ہزار لیٹر جوس برآمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔تاہم اس سلسلے میںپنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل نے کریک ڈائون کرتے جعلی جوس اور کولڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹریاں پکڑی لیں۔

لاہور میں ملتان روڈ پر واقع پریمیر انڈسٹریز نامی جوس اور کولڈ ڈرنکس یونٹ، جبکہ ملتان میں 2فیکٹریاں سیل کی گئیں۔ڈائریکٹرآپریشنز رافیعہ حیدر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جعلی جوس بنانے والی3 فیکٹریوں کو سیل کر کے 80 ہزار لیٹر تیار جوس اور کولڈ ڈرنکس ،45ہزار لیٹر کاخام مال برآمد کر لیا گیا۔ ملتان روڈ پر واقع پریمیر انڈسٹریز نامی جوس اور کولڈ ڈرنکس یونٹ کو لائسنس کے بغیر یونٹ لگانے، جوس بنانے میں فروٹ استعمال نا کرنے پر اور مضر صحت کیمیکل استعمال کرنے پرسیل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

فیکٹری میں موجود40ہزار لیٹرجوس اور کولڈ ڈرنکس برآمد کرلیا گیا۔مزید کاروائیوں میںغیر ملکی برانڈز کی نقل تیار کرنے والی فیکٹری بھی پکڑی گئی۔جعلی جوس بنانے والی فیکٹری میں مختلف برانڈز کے جوسز کے 18ہزار پیکٹ، 30ہزار لیٹر خام مال برآمد کیا گیا ۔ علاوہ ازیںملتان روڈ پر ہی واقع ناقص کیمیکلز سے جعلی اور غیر معیاری جوس بنانے والی فیکٹری کو سیل کر کے 22ہزار پیکٹ تیار جوس ، 15ہزار لیٹر کا خام مال قبضے میں لے لیا گیا۔

ڈائریکٹر آپریشنز رافیعہ حیدر نے مزید بتایا کہ غیر منظور شدہ فیکٹریوں میں جوسز اور کولڈ ڈرنکس مضر صحت فارمولا کے تحت تیار کیے جا رہے تھے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے ضبط کیا گیا تمام مال فوری تلف کرنے کا حکم دے دیا۔ رافیعہ حیدر کا مزید کہنا تھا کہ گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی ملاوٹ اور عوام دشمن مافیا سرگرم ہو جاتا ہے اور جعلی کولڈ ڈرنکس اور جوسز کا کاروبار زور پکر لیتا ہے۔تاہم اس سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل پوری طرح باخبر ہے اور ایسے عناصر کو ڈھونڈ کر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جا رہی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ ایسے عناصر کے متعلق پنجاب فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کر کے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ (سعید)

متعلقہ عنوان :