نوازشریف ورثے میں آنے والی جائیداد کا ٹیکس دے رہے ہیں ، پیپلزپارٹی اپنی عقل ودانش کے مطابق اپنی پوزیشن تبدیل کرتی ہے ، ہم معاشی ترقی کا سفر طے کر رہے ہیں ،اس میں بہت مشکلات بھی آرہی ہیں ، 2018میں ایک بار پھر نوازشریف کی قیادت میں ہم کامیاب ہوں گے ، بحیثیت (ن) لیگی کارکن میرے لئے نوازشریف کا رتبہ بہت بڑا ہے ، عام آدمی میاں نوازشریف کی ذات پر اعتماد کرتا ہے ،راحیل شریف کو ا این او سی اسلامی اتحادی افواج کی سربراہی سنبھالنے کیلئے دیا گیا وزیردفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 21 اپریل 2017 23:48

نوازشریف ورثے میں آنے والی جائیداد کا ٹیکس دے رہے ہیں ، پیپلزپارٹی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میاں صاحب کے ورثے میں جو جائیداد آئی اس کا وہ ٹیکس دے رہے ہیں ، پیپلزپارٹی اپنی عقل ودانش کے مطابق اپنی پوزیشن تبدیل کرتی ہے ، ہم معاشی ترقی کا سفر طے کر رہے ہیں جس میں بہت مشکلات بھی آرہی ہیں ، 2018میں ایک بار پھر نوازشریف کی قیادت میں ہم کامیاب ہوں گے ، بحیثیت (ن) لیگی کارکن میرے لئے نوازشریف کا رتبہ بہت بڑا ہے ، عام آدمی میاں نوازشریف کی ذات پر اعتماد کرتا ہے ،راحیل شریف کو این او سی جاری کردیا گیا ہے ، یہ این او سی اسلامی اتحادی افواج کی سربراہی سنبھالنے کیلئے دیا گیا ہے۔

وہ جمعہ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے کا کوئی حق نہیں ہے ، پیپلزپارٹی نے عدالتی فیصلے کو تسلیم ہی نہیں کیا وہ اپنی عقل دانش کے مطابق اپنی پوزیشن تبدیل کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ تحقیقات جب شروع ہوگی تو اس کو پورا کریں گے اور ہر لحاظ سے ججز کو مطمئن کریں گے ، میاں نوازشریف تحقیقات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں جس لیول کی تحقیقات عدالت کو مطمئن کر سکتی ہے اس لیول کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں اور ہر قسم کا ثبوت دیں گے ، تمام سوالوں کے جواب دیں گے ۔

وزیردفاع نے کہا کہ نوازشریف کا رتبہ وزیراعظم کے عہدے سے ہٹ کر بھی میرے لئے بہت عظیم رتبہ رکھتے ہیں ،میاں نوازشریف نے 27سال میں تین بار کم بیک کیا ہے کیونکہ پاکستان کا عام آدمی اس سے محبت کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کے حصے میں جتنی بھی اپنے والد کی جائیداد آئی وہ اس پر پورا ٹیکس ادا کرتے ہیں ، وزیراعظم کی قیادت میں 2018میں ایک بارپھر انتخاب میں کامیاب ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ جنرل (ر) راحیل شریف کو این او سی جاری کردیا گیا ہے ، یہ این او سی اسلامی اتحادی افواج کی سربراہی سنبھالنے کیلئے دیا گیا ہے ۔