امریکہ خطے میں قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے،کشمیر میں قیام امن سے دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی کو فائدہ ہو گا

وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈارکا ہیرٹیج فائونڈیشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

جمعہ 21 اپریل 2017 23:52

امریکہ خطے میں قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی برادری بالخصوص امریکہ پر زور دیا ہے کہ خطے میں قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ ہیرٹیج فائونڈیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ کشمیر میں قیام امن سے دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی کو فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی امن و امان کیلئے ضروری ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری، ترقی کے امکانات اور سماجی تبدیلیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کئی دہائیوں سے حل طلب ہے اور انہوں نے گزشتہ کئی ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے جاری مظالم کے حوالے سے بھی تقریب کے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ اس مسئلہ کے خاتمہ سے علاقائی امن و استحکام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور دفاع کے شعبہ میں خرچ کئے جانے والے بجٹ کو سماجی ترقی کیلئے استعمال کر کے خطے کی ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

افغانستان کے مسئلہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کا مطلب پاکستان میں امن و امان ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ افغان مسئلہ کا پرامن سیاسی حل تلاش کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن و امان کے قیام کیلئے عالمی برادری کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے حوالے سے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے 6 ہزار اہلکاروں سمیت 35 ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 40 تا 50 ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں اس کے علاوہ جنگ کی وجہ سے قومی معیشت کو110 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ کے باعث دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں پاکستان نے سب سے زیادہ نقصانات برداشت کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :