چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسرسعیدالدین کا امتحانی مرکز کا دورہ

ہفتہ 22 اپریل 2017 20:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2017ء) علیمیہ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول بلاک Aنارتھ ناظم آباد کے سینٹرسپرنٹندنٹ قاضی شاہ احمدنے اپنے ایک وضاحتی بیان میں میٹرک کے امتحانات کے دورن اس امتحانی مرکز پر کھلے عام نقل، طلباء سے پیسے وصولی اور دیگر بے جاالزامات کی تردید اور پرسکون امتحانی مرکز کی ساکھ کو مجروح کرنے کی سازش کی شدیدالفاط میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسامحسوس ہوتاہے کہ کراچی کے طلباء اور کراچی میں تعلیمی سرگرمیوں اور بہتر امتحانی نتائج کی دشمن مافیا گورنمنٹ اسکولوں میں انرولمنٹ کم ہونے کے بعد اب گورنمنٹ کے اساتذہ کے امتحانی امور میں کردارکوبھی محدودکرناچاہتی ہے، ،اس تعلیم دشمن اور کراچی دشمن مافیاکے ہرکارے اخبارات میں بے بنیاد خبریں شائع کرواکے ،اور سوشل میڈیاپر افواہیں پھیلاکر تعلیمی ماحول اور امتحانی ماحول کو برباد کرناچاہتے ہیں، علیمیہ اسکول کے سینٹرسپرنٹنڈنٹ ،ممتازماہرتعلیم ومذہبی اسکالر قاضی شاہ احمد نے کہاکہ علیمیہ اسکول میں نہ تو کھلے عام نقل ہوئی اور نہ ہی امتحانی مرکزمیں بیرونی عناصر کی مداخلت یاطلباء سے پیسے لے کر نقل کروانے کاکوئی واقعہ پیش آیاہے۔

(جاری ہے)

علیمیہ اسکول میں نارتھ ناظم آباد کے چندمشہوراور بہترتعلیمی نتائج کے حامل اسکولوں کے طلباء امتحان دے رہے ہیں،جنہیں نقل یاکسی غلط طریقہء کار سے امتحان دینے کی ضرورت ہی نہیں پیش آتی، دوئم یہ کہ امتحانات کے آغازسے ہرروز بورڈ آف سیکنڈری اسکول ایجوکیشن کراچی کی مختلف ویجیلنس ٹیمیں اور بورڈ کے سینئر ممبران اس امتحامی مرکز کادورہ کرتے رہے ہیں، اور انہوں روزانہ کی بنیادپر امتحانی مرکزمیں ہرکام احسن طریقے پر جاری رہنے کی تحریری رپورٹ دی ہے،جبکہ جمعے کے چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسرسعیدالدین نے خود سینٹرکاتفصیلی دورہ کیااور تمام امتحانی کمروں ،نگرانی کے عملے ،دیگر اسٹاف اور ریکارڈ کا جائزہ لے کر سینٹرسپرنٹنڈنٹ اور اسٹاف کی تعریف کی اور ہر طرح سے امتحانی ماحول کو پرسکون قراردیا۔

سینٹرسپرنٹنٹڈنٹ نے صحافی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو فائل کرنے اور میڈیااراکین خبر کو نشریاشائع کرنے سے پہلے تصدیق ضرورکرلیں تاکہ مذموم عناصر میڈیاکو اپنی سفلی خواہشات کی تکمیل کے لئے استعمال نہ کرسکیں۔