سند ھ کابینہ نے رینجرز کو ATAکے تحت 90 دن کے لئے اختیارات دینے کی منظوری دے دی

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:30

سند ھ کابینہ نے رینجرز کو ATAکے تحت 90 دن کے لئے اختیارات دینے کی منظوری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء) سند ھ کابینہ نے رینجرز کو ATAکے تحت 90 دن کے لئے اختیارات دینے کی منظوری دے دی ہے اور کابینہ نے سندھ پولیس کی صلاحیتوں کو بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے یہ منظور ی ہفتہ کووزیراعلیٰ ہائوس میں سندھ کابینہ کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کر رہے تھے۔اجلاس میں صوبائی وزراء ، معاونین خصوصی، تمام متعلقہ سیکریٹریوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

سندھ کابینہ نے بجٹ اسٹریٹیجی پیپر2017-20 پر بحث کی سیکریٹری خزانہ حسن نقوی نے کابینہ کو بریفنگ د یتے ہوئے بتایا کہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر 2017-20کے دستاویز محکمہ خزانہ اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے مل کر بنایا ہے ۔ پیپر میں حکومتی پالیسی ، ترجیحات ، اسٹریٹجک ریسورسز کا تخمینہ شامل ہے بعد میں کابینہ نے بجٹ اسٹرٹیجی پیپر 2017-20 منظور کر لیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کو بتایا کہ رواں مالی سال 2016-17 میں سندھ حکومت کا کل ریوینیو 739.3 بلین روپے تھا جس میں وفاقی ٹرانسفرز 518بلین روپے جبکہ ریوینیو اسائنمنٹ 425بلین روپے ہے اور ڈائریکٹ ٹرانسفر63.6بلین روپے ، ڈیولپمنٹ گرانٹ 16.7بلین روپے ، OZT 12.6بلین روپے شامل ہیں صوبائی رسیدیں 132.8بلین روپے ہیں، سروسس پر سیلز ٹیکس 61.5بلین روپے ہے ، دیگر ٹیکس رسیدیں 61.2بلین روپے اور نان ٹیکس ریوینیو 10.1بلین روپے ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ کو NFC ایوارڈ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ فارمولہ چار چیزوں پر مشتمل ہے (a)آبادی کو 82فیصداہمیت ہے،(b) جبکہ غربت کی سطح 10.3فیصد،(c) ریوینیو جنریشن کو 5فیصد اور (d) انورس پاپولیشن ڈینسٹی کو 2.7فیصد اہمیت ہے۔ اس طرح پنجاب کا شیئر 51.74فیصد ، سندھ کا 24.55 فیصد ، کے پی کے کا 14.62فیصد اور بلوچستان کا 9.09فیصد ہے۔

سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پر ویز نے کابینہ کو بریفنگ د یتے ہوئے بتایا کہ رینجرز کو وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کی درخواست پر آرٹیکل 147کے تحت تعینات کیا ہے جس کے لئے SOPsمحکمہ داخلہ نے منظورکیا ہے رینجرز 1989سے سندھ میں اپنی فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز آرٹیکل 147 کے تحت 01.08.2016 سے تعینات ہے جو 19جولائی ،ئ2017 تک ہے ،2 فروری ،2010 کو رینجرز کو ATAسیکشن - 4 کے اختیارات دئیے گئے تھے۔

اس موقع پر وزیراعلی ٰسندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ اختیارات 90دن کے لئے دئیے گئے تھے جو اپریل 16،2017 کو ختم ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ رینجرز نے عسکری ونگز ، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف اچھا کام کیا ،کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے اچھے نتائج سامنے آئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پولیس کی کارکردگی بھی بہتر ہے اور حکومت کوشش کرر ہی ہے کہ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر کرے حکومت پولیس کی خصوصی تربیت فراہم کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔سندھ کابینہ کے اجلاس میں صو بائی وزراء نثار کھوڑو ، منظور وسان ، میر ہزار خان بجارانی ، سید سردار شاہ، جام مہتاب ڈہر ، جام خان شورو نے رینجرز کو اختیارات دینے کی ہمایت کی۔#

متعلقہ عنوان :