پاناما کیس کے تاریخی فیصلہ سے حق و سچ کی فتح ہوئی ہے‘ نسیمہ وانی

اتوار 23 اپریل 2017 14:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی خاتون رکن اسمبلی محترمہ نسیمہ وانی نے کہا ہے کہ پاناما کیس کے تاریخی فیصلہ سے حق و سچ کی فتح ہوئی ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان کا پاناما کیس فیصلہ تاریخی اور دور رس اثرات و نتائج کا حامل ہے اور ملکی سیاست اور نظامت حکومت پر اس کے بہت مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں جنہوں نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر کشمیر کے عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں انشاء اللہ بھارتی چنگل سے کشمیری جلد آزادی حاصل کرلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر اسمبلی نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

نسیمہ وانی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے بادل چھٹ کر رہیں گے، بزدل بھارتی افواج نے کشمیری نوجوانوں سے خوفزدہ ہو کر خواتین پر تشدد معمول بنا رکھا ہے، کشمیری نڈر دلیر بیٹیاں بھارتی مکروہ عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں اور سڑکوں پر آکر بھارت مردہ باد کے نعرے لگا رہی ہیں اور دنیا کو بتا رہی ہیں کہ کشمیری بیٹے نہیں کشمیر کی بیٹیاں بھی آزادی کی خاطر اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

انہوںنے مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنہا نہیں ہیں، آزادکشمیر و پاکستان کا بچہ بچہ اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل جنوبی ایشیاء سمیت پوری دنیا کے مفاد میں ہے ۔ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ خطہ میں قیام امن کیلئے اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو پیدائشی حق دلوائے تاکہ خطہ میں امن کا قیام ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :