Live Updates

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا، ڈویژنل کمشنر

پیر 24 اپریل 2017 14:36

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) حکومت کی جا نب سے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اورتمام متعلقہ حکام کو اشیاء کی قیمتیں اعتدال پر رکھنے ، ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کی سختی سے حوصلہ شکنی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے،ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی بے جا مہنگائی اور مصنوعی قلت کیلئے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں غلہ منڈی میں اشیائے خوردنی کے سٹاک کی روزانہ کی بنیاد پر جانچ پڑتال بھی ہو گی، انہوں نے یہ وارننگ مقامی غلہ منڈی کے دورہ کے دوران مختلف اقسام کی دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کے سٹاکس اور معیار کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی، اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید ‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بلاول ابڑو اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے غلہ منڈی کے تاجروں اور درآمد کنندگان سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ حکومت پنجاب رمضان المبارک کے دوران صارفین کو کنٹرول نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہے جبکہ اس سلسلے میں طلب و رسد کا جامع میکنزم تیار کیا جارہا ہے لہٰذا ا غلہ منڈی کے تاجر بھر پور تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ ماہ صیام کے دوران کسی شے کی قلت پیدا نہ ہو اور لوگوں کیلئے آسانیاں برقرار رہیں ۔

انہوں نے غلہ منڈی میں مختلف اشیاء کے گوداموں کو چیک کیا اور وہاں سٹاک کی صورتحال اور روزانہ کی سیل کی تفصیلات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی چور بازاری و ناجائز منافع خوری قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دالوں اور دیگر اشیاء کے سٹاک پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ڈویژنل کمشنر نے ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی مانگ کی صورتحال کا بخوبی ادراک ہونا چاہئے اور قلت کے خدشات کی صورت میں اشیاء فوری طور پر درآمد کی جائیں جس کیلئے حکومت کی طرف سے بھر پور معاونت کی جائے گی ۔

انہوں نے ٹریڈرز کے بعض مسائل دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ غلہ منڈی سے دالوں کے سٹاک کی چانچ پڑتال باقاعدگی سے کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت غلہ منڈی میں 22375 کوئنٹل کالا چنا ‘ 2365 کوئنٹل سفید چنا ‘ 10677 کوئنٹل مونگ کی دال اور 1700 کوئنٹل ماش کی دال ‘ 9325 کوئنٹل مسور کی دال کے سٹاک دستیاب ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پیاز23 سے 25 روپے فی کلو ‘آلو 18 سے 20 روپے فی کلو اور ٹماٹر 23 سے 25 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ غلہ منڈی اور سبزی منڈی کے تاجروں اور امپوٹرز سے بھی مکمل رابطہ ہے اور خرید و فرخت کے سلسلے سٹاک کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے ۔بعدازاں ڈویژنل کمشنر نے سدھار کے قریب ایک دال فیکٹری کا بھی دورہ کیا اور وہاں مختلف دالوں کی تیاری ‘ سٹاک و سیل کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :