فیصل آباد میں گندم کی سرکاری خریداری کے عمل میں کسی قسم کی بد عنوانی برداشت نہیں کی جائے گی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

پیر 24 اپریل 2017 14:43

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیصل آباد محمد شاہد نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں گندم کی سرکاری خریداری کے عمل میں کسی قسم کی بد عنوانی اور بے قاعدگی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ اس سلسلے میں جانچ پڑتال کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی ہمہ وقت سرگرم عمل رہیں گی۔ سمندری ،جڑانوالہ،مامون کانجن،کنجوانی،سرشمیر،تاندلیانوالہ اور دیگر خریداری مراکزکے دورے کے دوران کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات کاجائزہ لیتیہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیصل آباد محمد شاہد نے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کے عمل اور ان میں باردانہ کی تقسیم کاکام چیک کرتے ہوئے سٹاف سے کہا کہ حکومت پنجاب گندم خریداری مہم کو شفاف اورمنظم رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہے لہٰذ ا کسی قسم کی ہیرا پھیری یابددیانتی سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر قصوروار ملازمین کا سختی سے محاسبہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی سہولیات اورحقوق کا ہرممکن خیال ر کھا جائے تاکہ انہیں معمولی سی بھی شکایت پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے سٹاف کی حاضری یقینی ہونی چاہیے جبکہ غیر حاضر سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اے ڈی سی نے کاشتکاروں کی رجسٹریشن اور باردانہ کی تقسیم کا ریکارڈ چیک کیا اور گرداوری کی تصدیق کے عمل کو مزید سہل بنانے کی ہدایت کی۔انہوں موقع پر موجود کاشتکاروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں گندم کی خریداری مہم کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی پالیسی سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ گندم خریداری مہم کے بارے میں معلومات،رہنمائی یا شکایت کی صورت میں حکومت پنجاب کے ٹال فری نمبرز080013505اور 080060606 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔