بھارتی فورسزکا سرینگر میں طلباء پر طاقت کا وحشیانہ استعمال، متعدد طلباء زخمی

حریت رہنمائوںکی طرف سے خانہ بدوش خاندان پرہندو انتہا پسندوںکے حملے کی شدید مذمت

پیر 24 اپریل 2017 21:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے پیر کو سرینگر میں احتجاج کرنے والے طلباء پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد طلباء زخمی ہوگئے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایس پی ہائیر سیکنڈری سکول کے طلباء نے مقبوضہ علاقے میںطالبعلموں پر بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے سکول میں جمع ہو کر مولانا آزاد روڈکی طرف مارچ کی کوشش کی۔

انہوں نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ مولانا آزاد روڈ پر واقع گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبات نے بھی اپنی کلاسوں کا بائیکاٹ کیا اور مظاہروں میں شامل ہوگئیں۔مظاہروں کا سلسلہ ملحقہ علاقوں تک پھیل گیا ۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

پولیس کارروائی کے نتیجے میں متعدد طلباء اور تین صحافی زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے مظاہروں کے دوران چھ طالبعلموں کو گرفتار کرلیا ۔ کشیدہ صورتحال کے باعث لال چوک میں دکانیں بند کردی گئیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں طلباء 15اپریل سے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں جب بھارتی پولیس نے گورنمنٹ ڈگری کالج پلوامہ میںکریک ڈائون کیا تھا۔ تب سے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے احتجاج کرنے والے طلباء پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے سو سے زائد طالب علم زخمی ہو چکے ہیں۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں ایک بیان میںضلع ریاسی میں ایک خانہ بدوش خاند ان پر گائے کے نام نہاد محافظوںکے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جن سنگھیوں نے مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے۔ دختران ملت کی چیئر پرسن آسیہ اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں فسطائی اور فرقہ پرست ہندئوں کے ایجنڈے کی بھر پور مزاحمت کی جائے گی۔

مزاحمتی رہنمائوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، آسیہ اندرابی، زمرودہ حبیب، مختار احمد وازہ اور مصدق عادل نے اپنے الگ الگ بیانات میں ضلع بڈگام کے علاقے حیات پورہ چاڈورہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے دو نوجوانوں کو شاندار خراج عقید ت پیش کیا ہے۔ حریت رہنما محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی اور غلام نبی ذکی شہید ہونے والے نوجوان یونس مقبول گنائی کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کے گھر پتری گام گئے۔

سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ظالمانہ حربوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا اور وہ مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء بھارت نواز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع پلوامہ کے صدر عبدالغنی ڈار کو نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔

متعلقہ عنوان :